نئی دہلی: دہلی میں کورونا کے معاملات میں اضافہ کے مدنظر ایک بار پھر ماسک لگانا لازمی کر دیا گیا ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پانچ سو روپئے جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ماسک پہننا لازمی قرار دینے کا فیصلہ چہارشنبہ کو دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے ) کی میٹنگ میں کیا گیا جس کے تحت ماسک نہ لگانے والوں کو پانچ سو روپئے جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ڈی ڈی ایم اے نے میٹنگ میں فیصلہ کیا کہ اسکول بند نہیں ہوں گے بلکہ ایک نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ سسٹم (اے او پی) کے تحت کام کریں گے ۔ اس کے ساتھ سماجی دوری اور اسپتال کی تیاریوں پر بھی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسی طرح بازاروں میں بڑھتی ہوئی بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی کچھ اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ حکومت جلد ہی ماسک کو لازمی قرار دینے کا باضابطہ حکم جاری کرے گی۔