مالیگائوں کیس : متاثرین ،جج کی منتقلی روکنے کوشاں

   

ممبئی : مالیگائوں 2008 بم دھماکہ معاملہ کی سماعت کرنے والے خصوصی این آئی اے عدالت کے جج کی منتقلی اور میعاد میں توسیع کے لیئے بم دھماکہ متاثرین نے چیف جسٹس آف بامبے ہائی کورٹ سے گذارش کی ہے۔بم دھماکہ متاثرین کی نمائندگی کرنے والے ایڈوکیٹ شاہد ندیم(جمعیۃ علماء مہاراشٹرا ارشد مدنی) نے متاثرین کی جانب سے خصوصی این آئی اے عدالت کے جج پی آر سٹرے کی میعاد میں توسیع کیئے جانے اور ان کی منتقلی پر روک کی درخواست کی ہے تاکہ مقدمہ کی جلدازجلد سماعت مکمل کی جاسکے۔اس ضمن میں ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے بتایا کہ چیف جسٹس بامبے ہائی کورٹ کے نام ارسال خط میں تحریر کیا گیا ہیکہ گذشتہ14سال سے بم دھماکہ متاثرین انصاف کا انتظار کررہے ہیں اور اگرموجودہ جج کی میعادمیں توسیع نہیں کی گئی اور ان کی منتقلی کے حکم پر روک نہیں لگایا گیا تو حصول انصاف میں مزید تاخیر ہوسکتی ہے کیونکہ نئے جج کی تقرری کے بعد اسے مقدمہ کو سمجھنے میں مہینوں لگ جائیں گے۔لیٹر میں مزید تحریر کیا گیا ہے کہ یہ مقدمہ ایک الگ نوعیت کا مقدمہ ہے جس میں دو تحقیقاتی ایجنسیوں کی جانب سے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی ہے ۔