کاماریڈی ؍ بانسواڑہ ۔6 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میں ایک خوشی کا موقع اچانک المناک سانحہ میں تبدیل ہوگیا جب مانجرا ندی میں ڈوبنے سے ایک خاتون اُن کی کمسن بیٹی اور ایک نوعمر لڑکی جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ایک لڑکے کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ اس افسوسناک واقعہ کے بعد متاثرہ خاندانوں اور متعلقہ دیہات میں غم کی لہر دوڑ گئی۔تفصیلات کے مطابق کشٹاپور گاؤں کے پندری نے بولکپلی کے مضافات میں واقع مانجرا برج کے قریب ایلمّا مندر میں مذہبی تقریب کا اہتمام کیا تھا، جس میں اپنے بھائیوں سائیلو، رویندر اور بہنوں انیتا و سجاتا کے اہل خانہ کو مدعو کیا تھا۔ تمام افراد نے رسم و رواج کی ادائیگی کے بعد اجتماعی طور پر کھانا کھانے کے بعد شام کے وقت پنڈاری، اُن کی 15 سالہ دختر پاونی، بہن انیتا (40) سالہ اُن کی 13 سالہ بیٹی شوانی، بہن سجاتا کا بیٹا بھانو پرساد اور دیگر افراد مانجرا ندی کے کنارے گئے۔ اسی دوران ندی کے گہرے پانی میں اُترنے پر انیتا، شوانی، پاونی اور بھانو پرساد بے قابو ہوکر ڈوبنے لگے۔کنارے پر موجود افراد کے شور مچانے پر پنڈاری کے بھائی رویندر نے فوری طور پر ندی میں چھلانگ لگا کر چاروں کو باہر نکالا، تاہم اس وقت تک انیتا، شوانی اور پاونی جانبرناہو سکے جبکہ بھانو پرساد کو تشویشناک حالت میں بچالیا گیا۔ زخمی لڑکے کو پہلے بانسواڑہ ایریا ہاسپٹل منتقل کیا گیا، بعد ازاں بہتر علاج کے لیے ایک خانگی دواخانہ میں داخل کرایا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بانسواڑہ کے آر ڈی او رویندر ریڈی ہاسپٹل پہنچے اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو بھانو پرساد کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی اور یقین دلایا کہ واقعہ کی مکمل رپورٹ حکومت کو روانہ کی جائے گی تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے۔ ادھر تین افراد کی موت کی خبر پھیلتے ہی رشتہ داروں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد ہاسپٹل پہنچ گئی۔ بانسواڑہ رورل پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔