مانسون کی شدت میں کمی، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو راحت

   

نئی دہلی۔27۔اگست(سیاست ڈاٹ کام)پنجاب سمیت شمال مشرقی علاقے میں اگلے کچھ دنوں تک جنوب مغربی مانسون میں کمی آنے سے شدید بارش کے آثار کم ہی ہیں لیکن کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے ۔اسی کے ساتھ اڈیشہ ،جھارکھنڈ،مشرقی راجستھان،مدھیہ پردیش ،ویدربھ،چھتیس گڑھ اور کیرالہ میں مانسون میں اب بھی تیزی ہے جبکہ اروناچل پردیش،آسام،میگھالیہ،مغربی بنگال کے پہاڑی علاقوں،سکم ،بہار،مغربی راجستھان ،تلنگانہ اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں مانسون کمزور پڑگیاہے ۔اگلے 12گھنٹے کے دوران گجرات علاقے میں الگ الگ مقامات پر تیز بارش اور اولے گرنے کی پیش گوئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس کے ساتھ ہی انڈمان نکوبار جزائر ،اوڈیشہ ،مشرقی راجستھان اور مغربی مدھیہ پردیش میں الگ الگ مقامات پر شدید اور بہت شدید بارش بھی ہوسکتی ہے ۔مغربی بنگال میں گنگا کے ساحلی علاقے ،جھارکھنڈ ،مغربی اترپردیش ،اتراکھنڈ،ہماچل پردیش،مغربی راجستھان،مشرقی مدھیہ پردیش، سوراشٹر، کچھ،وسطی مہاراشٹر،ویدربھ،چھتیس گڑھ،ساحلی آندھرا پردیش اور یانم،تمل ناڈو،پدوچیری،تمل ناڈو،کرائی کل،ساحلی کرناٹک،کیرالہ اور ماہے کے الگ الگ حصوں میں اس دوران بارش ہونے کے آثار ہیں۔اس دوران ضلع ڈپٹی کمشنر امت کشیپ نے ریونیو کی ٹیموں کو جائے وقوع کا معائنہ کرنے اور حالات سے آگاہ کرانے کی ہدایت دی ہے ۔واضح رہے کہ بارش اور تودے گرنے سے ریاست میں تقریباً 300سڑکیں بند پڑی ہیں۔ابھی تک برسات سے ریاست میں 626کروڑ کا نقصان ہو چکاہے جبکہ 63سے زیادہ لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں ہوئی شدید بارش اور بادل پھٹنے کی وجہ سے آئے سیلاب اور تودے گرنے کے واقعات میں اب تک 386لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ 23دیگر لاپتہ ہیں۔