گاندھی بھون آنے سے رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا انکار
حیدرآباد۔/11 جنوری، ( سیاست نیوز)کانگریس کے اختلافات ختم کرنے کے مشن پر آنے والے نئے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے کو آج پہلا تلخ تجربہ اس وقت ہوا جب کانگریس کے ناراض رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ملاقات کیلئے گاندھی بھون آنے سے انکار کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مانک راؤ ٹھاکرے کی آمد کے موقع پر ملاقات کیلئے سینئر قائدین کو وقت الاٹ کیا گیا۔ ہر اہم قائد سے مانک راؤ نے علحدگی میں بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے ناراض رکن پارلیمنٹ کو فون کیا اور گاندھی بھون آکر مسائل پر بات چیت کی دعوت دی۔ کومٹ ریڈی نے گاندھی بھون آنے سے صاف انکار کردیا اور کہا کہ وہ گاندھی بھون کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر ملاقات کیلئے تیار ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کل کسی دوسرے مقام پر دونوں کی ملاقات ہوگی۔ واضح رہے کہ منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے اعلان کے بعد سے وینکٹ ریڈی کانگریس کی سرگرمیوں سے دور ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی جس کے بعد بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات گشت کرنے لگی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وہ الیکشن تک سیاسی امور پر تبصرہ نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی کو صدر پردیش کانگریس مقرر کئے جانے کے بعد سے وینکٹ ناراض ہیں کیونکہ وہ اس عہدہ کے اہم دعویدار تھے۔ر