متھالی راج 200 ونڈے کھیلنے والی پہلی خاتون

   

ہیملٹن ۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی خواتین ونڈے ٹیم کی کپتان متھالی راج نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہیملٹن ونڈے میں اگرچہ 9 رنز کی اننگز ہی کھیلی ہو لیکن انہوں نے اس دوران ایک خاص مقام حاصل کرلیا ہے۔ اس سے قبل کسی خاتون کھلاڑی نے یہ کارنامہ انجام نہیں دیا تھا اورآنے والی نوجوان نسل کے لئے بھی ایک مشکل چیلنج ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف آئی سی سی خاتون چمپئن شپ کے تیسرے ونڈے میں بھلے ہی ہندوستان کو 8 وکٹ کی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہو لیکن ہندوستان نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی ہے۔ ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 149 رنز بناکرنیوزی لینڈ کو150 رنزکا ہدف دیا تھا، جسے کیوی ٹیم نے 29.2 اوورمیں دووکٹ گنوا کرحاصل کرلیا ہے۔ جبکہ یہ متھالی راج کا 200 واں ونڈے تھا اوروہ خواتین کرکٹ میں یہ مقام حاصل کرنے والی دنیا کی واحد کھلاڑی ہیں۔ ونڈے کرکٹ میں 1999 میں قدم رکھنے والی متھالی راج نے اب تک 200 ونڈے میں51.33 کی اوسط سے6622 رنز بنائے ہیں، جو کہ عالمی ریکارڈ ہے۔ اس دوران انہوں نے 7 سنچریاں بھی لگائی ہیں اورانگلینڈ کی چارلوٹے ایڈورڈس191 ونڈے میچوں کے ساتھ دوسرے نمبرپرہیں۔کپتان متھالی راج نے ہندوستانی خواتین ٹیم کی اب تک 123 میچوں میں قیادت کی ہے، جوکہ نہ صرف ہندوستان بلکہ خاتون کرکٹ میں ریکارڈ ہے۔ انگلینڈ کی چارلوٹے ایڈورڈس دوسرے نمبرپرہیں۔ اگرخاتون اورمرد کرکٹ کی بات کریں تو ایلن بارڈرنے 200 واں ونڈے اورسچن تندولکرنے 200 واں ٹسٹ کھیلا تھا جبکہ 36 سالہ متھالی راج 200 ونڈے کھیلنے والی پہلی خاتون کھلاڑی ہیں۔