مجھے ووٹ دو، آپ کو میری ضرورت پڑے گی : منیکاگاندھی

   

سلطان پور ۔12اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) متنازعہ ریمارک میں مرکزی وزیر منیکا گاندھی نے آج مسلمانوں سے کہا کہ انہیں ووٹ دیں ، کیونکہ لوک سبھا انتخابات ختم ہوجانے کے بعد انہیں اُن کی ضرورت پڑے گی ۔ گذشتہ روز مسلم غلبے والے علاقہ ترخ بنی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے منیکانے کہا کہ ہم مہاتماگاندھی کے اولاد نہیں ہیںکہ ہم دیتے ہی رہیں اور اُس کے عوض میں کچھ نہ پائیں۔ لوک سبھا سلطان پور سے بی جے پی کی امیدوار منیکا نے دعویٰ کیا کہ وہ تو جیتنے والی ہی ہیں اور مسلم حاضرین سے کہا کہ’’ آپ کو ہوسکتا ہے کہ کل میری ضرورت پڑے گی ‘‘۔ کانگریس نے اس پر سخت ردعمل ظاہر کیا اور ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ وہ عوام کو ذات پات اور کمیونٹی کی اساس پر تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ سلطان پور جہاں گذشتہ مرتبہ منیکا کے بیٹے ورن گاندھی منتخب ہوئے تھے ، وہاں کے جلسہ میں منیکا گاندھی نے کہا کہ میں جیت رہی ہوں اور میری جیت عوام کے تعاون اور ان کی محبت کی وجہ سے ہے لیکن اگر میری کامیابی مسلمانوں کے بغیر ہوگی تو مجھے اچھا محسوس نہیں ہوگا اور تلخ احساس رہے گا ۔ اگر مسلمان اس کے بعد کچھ کام کیلئے میرے پاس آئیں تو مجھے شاید سوچنا پڑے گا کہ کیوں فکر کروں اور یہی چیز تلخ پیدا کرے گی ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ معاملہ دو اور لو کا ہونا چاہیئے ۔ ہم مہاتما گاندھی کی اولاد نہیں کہ صرف دیتے رہے اور اُس کے جواب میں کچھ حاصل نہ کریں ۔ مرکزی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ اُن کے سابق حلقہ پیلی بھیت کے عوام سے تصدیق کرلیں کہ انہوں نے اپنے حلقہ میں کس طرح کام کیا ہے ۔ اگر کوئی ایک آدمی بھی کہے کہ میری طرف سے کچھ غلط ہوا ہے تو مجھے ووٹ مت دیجئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کھلے ذہن کے ساتھ چناؤ لڑ رہی ہیں۔