سرینگر، 18 ستمبر (یو این آئی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ انہیں سوپور جانے سے روکنے کیلئے گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے تاکہ وہ حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بٹ کے انتقال پر تعزیت پیش نہ کر سکیں۔ حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بٹ چہارشنبہ کی شام شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں واقع اپنی رہائش گاہ پر طویل علالت کے بعد 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہاکہ سیاسی قیادت کو گھر میں نظربند کرنے کا فیصلہ،صرف اس لئے لیا گیا ہیکہ ہمیں پروفیسر عبدالغنی بٹ انتقال پر تعزیت کیلئے سوپور جانے سے روکا جائے ‘۔ انہوں نے کہاکہ اس سے جموں و کشمیر کی تلخ اور غیر جمہوری حقیقت عیاں ہوجاتی ہے۔ حالیہ درگاہ حضرت بل واقعے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کا پوسٹ میں کہنا تھا: ‘ درگاہ حضرت بل میں جو کچھ ہوا، عوامی غصہ محض ایک الگ تھلگ واقعہ نہیں تھا۔ یہ ایک اونچی آواز میں لوگوں کی طرف سے ناقابل یقین پیغام تھا جس کو کنارے کی طرف دھکیل دیا گیا تھا’۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی، تاہم، اس سچائی سے پوری طرح غافل رہتی ہے اور اس گہرے غم اور دبائے ہوئے جذبات سے کچھ بھی سیکھنے سے انکار کرتی ہے جو اب برسوں سے بنائے جا رہے ہیں’۔