محبوب نگر میں اے ٹی ایم سے سرقہ کرنے والی ٹولی گرفتار

   

ملزمین کا پنجاب سے تعلق ، جرم کا اعتراف ، ضلع ایس پی کا انکشاف

محبوب نگر یکم / مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محبوب نگر پولیس نے اے ٹی ایم مشینوں سے رقومات کا سرقہ کرنے والی سارقوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ ضلع ایس پی نرسمہا نے اپنے دفتر میں طلب کردہ پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹکنالوجی کی مدد سے ریاست پنجاب کی ایک ٹولی نے جس میں 4 سارق شامل ہیں ، کیمرے کو اے ٹی ایم مشین کے قریب رکھ کر ایجنسی کی جانب سے رقم مشین میں جمع کئے جانے کے بعد کیمرے میں دیکھتے ہوئے رقومات کا سرقہ کر رہے تھے ۔ حال ہی میں ضلع محبوب نگر کے راجاپور میں اے ٹی ایم سے رقم سرقہ کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا ۔ مسروقہ رقم 7 لاکھ 82 ہزار روپئے کی سرقہ کی شکایت ایجنسی نے پولیس میں درج کروائی تھی ۔ پولیس نے دوران تحقیقات پنجاب کی 4 رکنی ٹولی میں سے 2 سارقوں کو بالا نگر اے ٹی ایم کے قریب مشتبہ حالت میں حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کی جس پر سارقوں نے اعتراف جرم کرلیا ۔ انہیں محبوب نگر لایا گیا ۔ سارقوں کی یہ ٹولی تلنگانہ کے دیگر مقامات سنگاریڈی ، نلگنڈہ کے علاوہ دیگر ریاستوں جیسے پنجاب ، راجستھان ، چندی گڑھ کے اے ٹی ایمس میں سرقہ کرچکے ہیں اور 2012 میں جیل کی ہوا بھی کھاچکے ہیں ۔ ٹولی کے قبضہ سے ایک کار اور 5 ہزار نقد رقم ضبط کرلی گئی ۔ اس موقع پر ڈی ایس پی محبوب نگر مہیش ، جڑچرلہ بالانگر ، راجاپور کے پولیس عہدیداران بھی موجود تھے ۔