اے سی بی کی سابق وزیر ٹی سرینواس یادو کو نوٹس‘ حاضر ہونے کی ہدایت
حیدرآباد۔16جنوری(سیاست نیوز) محکمہ افزائش مویشیاں کے دفتر میں بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی تحقیقات محکمہ انسداد رشوت ستانی (اینٹی کرپشن بیورو) کے حوالہ کیئے جانے کے ساتھ ہی اے سی بی عہدیداروں نے سابق ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اے سی بی عہدیداروں کے روبرو تحقیقات کے لئے پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔محکمہ افزائش مویشیاں کے دفتر واقع مانصاحب ٹینک میں ہوئے سرقہ اور سرکاری دستاویزات کو تلف کرنے اور منتقل کرنے کے مقدمہ کو ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ انسداد رشوت ستانی کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے اور کہا جا رہاہے کہ اے سی بی کو مقدمہ کی منتقلی کے ساتھ ریاستی حکومت نے ریاست میں محکمہ افزائش مویشیاں کے نام پر ہونے والی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی جامع تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقا ت کے دوران ہوئے انکشافات کے مطابق ریاست میں سابقہ حکومت کی جانب سے بھیڑ بکروں کی تقسیم کی اسکیم میں کروڑہا روپئے کے غبن کے انکشافات ہوئے ہیں اور محکمہ جاتی عہدیداروں نے اس اسکیم میں کروڑو روپئے کے تغلب کو یقینی بنایا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں اقتدار کی تبدیلی کے ساتھ ہی مانصاحب ٹینک میں واقع محکمہ افزائش مویشیاں کے دفتر سے دستاویزات کی منتقلی اور بعض فائیلس کو تلف کرنے کی کوششوں کی شکایات موصول ہوئی تھیں اور اس کے علاوہ کمپیوٹرس اور ہارڈ ڈسک کے سرقہ کی بھی شکایت کی گئی تھی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے دفتر کے واچ مین کی شکایت پر 2عہدیداروں اور 2 ملازمین کے منجملہ 4 افراد پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے دوران موصول ہونے والی اطلاعات اور انکشافات کے بعد ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کیس کو اے سی بی کے حوالہ کرتے ہوئے بھیڑ بکریوں کی تقسیم کی اسکیم میں کی جانے والی دھاندلیوں کی تحقیقات کروائی جائیں۔3
سابق ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو کی وزارت میں موجود اس محکمہ میں ہونے والی بدعنوانیوں کے سلسلہ میں مکمل تحقیقات کی جانچ اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے کی جائے گی اور اس معاملہ کی تحقیقات کے بعد مزید کاروائی اب اسی محکمہ کے ذمہ داری ہوگی جو کہ حکومت کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے تحقیقات اور کاروائی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔