سدی پیٹ۔ یکم ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آئی ڈی او سی میٹنگ ہال میں محکمہ ریونیو اور محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں گوراولی پروجیکٹ کی مین لیفٹ اور رائٹ کنالز کے لیے اراضی کے حصول اور تعمیراتی کاموں کا پونم پربھاکر ریاستی وزیر نے جائزہ لیا۔اس موقع پر وزیر موصوف نے کہا کہ گوراولی پروجیکٹ کی تعمیر کے لیے ریاستی حکومت نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے 250 کروڑ جاری کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نہروں کی تعمیر کے لیے درکار زمین فراہم کرنے کے سلسلے میں کسانوں سے پہلے ہی درخواست کی جاچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ نہروں کی تعمیر کے لیے مجموعی طور پر 559 ایکڑ اراضی حاصل کی جانی ہے، جس میں سے 416 ایکڑ اراضی کے لیے پہلے ہی ایوارڈ منظور کیا جا چکا ہے۔ لہٰذا انہوں نے ریونیو عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اکناپیٹ، حسن آباد اور کوہڈا منڈلوں کے متعلقہ کسانوں کو 15 ستمبر تک معاوضے کے چیکس فراہم کیے جائیں۔اسی طرح باقی 143 ایکڑ اراضی کے حصول کا عمل آئندہ 90 دنوں کے اندر مکمل کرتے ہوئے نہروں کی تعمیر کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے۔اس موقع پر اکناپیٹ منڈل کے چاؤٹ پلی انڈسٹریل پارک کے قیام سے متعلق اراضی کے حصول، کوہڈا منڈل کے تنگل پلی گاؤں میں زیر تعمیر ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ ریزیڈنشیل اسکول کی عمارت کی تعمیر کی پیش رفت، شاتواہن یونیورسٹی میں اکیڈمک بلاک کی تعمیر، حسن آباد شہر میں 250 بستروں والے اسپتال کی عمارت کی تعمیر کی پیشرفت اور دیگر اُمور کا بھی متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا گیا۔