محکمہ پولیس میں جدید ٹکنالوجی کے استعمال کیلئے ای ساکشیہ کا نفاذ

   

ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اور اہم قدم ۔ تمام پولیس کمشنریٹ کی ویڈیو کانفرنس ، ڈی جی پی کا خطاب
نظام آباد۔9 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی پولیس محکمہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے اور جرائم کی تحقیقات کو مزید مؤثر، شفاف اور تیز رفتار بنانے کے مقصد سے سی سی ٹی این ایس 2.0 (کرائم اینڈ کریمنل ٹریکنگ نیٹ ورک اینڈ سسٹمز) اور ای ساکشیہ نظام کے نفاذ پر ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سی وی آنند نے ایک اہم ویڈیو کانفرنس منعقد کی۔ اس ویڈیو کانفرنس میں ریاست کے تمام کمشنریٹس اور اضلاع کے سینئر پولیس عہدیداروں نے شرکت کرتے ہوئے ان دونوں جدید نظاموں کے نفاذ اور ان کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ڈی جی پی سی وی آنند نے اپنے خطاب میں کہا کہ سی سی ٹی این ایس 2.0 پولیس محکمہ کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کے ذریعے جرائم اور مجرمین سے متعلق معلومات کو فوری طور پر آن لائن درج کرنے، مختلف اضلاع اور ریاستی سطح پر معلومات کے تبادلے کو آسان بنانے اور تفتیشی عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ای ساکشیہ نظام کے تحت موبائل فون، سی سی ٹی وی فوٹیج، الیکٹرانک ریکارڈس اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی مؤثر دستاویز بندی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مقدمات کی تحقیقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہوں اور عدالتوں میں کامیاب پیروی ممکن ہوسکے۔ڈی جی پی سی وی آنند نے اس موقع پر کہا کہ ریاستی حکومت اور پولیس محکمہ کا بنیادی مقصد پولیس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، جرائم کی تحقیقات کے معیار کو بہتر بنانا اور عوام کو بروقت و معیاری خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے تمام اضلاع اور کمشنریٹس کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سی سی ٹی این ایس 2.0 اور ای ساکشیہ نظام کے نفاذ میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور ان منصوبوں کو کامیاب بنانے کے لیے مربوط انداز میں کام کیا جائے۔ ویڈیو کانفرنس میں نظام آباد کمشنریٹ کی جانب سے ایڈیشنل ڈی سی پی (ایڈمن) این شُبھم پرکاش نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ نظام آباد، آرمور، بودھن، ٹریفک اور سی ٹی سی کے اسسٹنٹ پولیس کمشنرس پرکاش، وینکٹیشور ریڈی، سرینواس، سید مستان علی اور راج شیکھر، اسپیشل برانچ انسپکٹر شریدھر ریڈی، ملیش، سی سی آر بی انسپکٹر انجیا، پی سی آر انسپکٹر ویرایا، مختلف سرکل انسپکٹرس، سب انسپکٹرس، آئی ٹی کور کے عملہ، اسٹیشن رائٹرس، اسٹیشن ٹیکنیشنس اور دیگر متعلقہ پولیس عہدیداروں نے شرکت کی۔