مدینہ یونیورسٹی میں حج وعمرہ بزنس ڈپلومہ متعارف

   

مدینہ منورہ ۔ سعودی عرب میں مدینہ منورہ اسلامی یونیورسٹی نے حج وعمرہ بزنس مینیجمنٹ ڈپلومہ شروع کیا ہے۔ یونیورسٹی میں سوشل سائنس کے ڈین ڈاکٹر سعود السلومی کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا ڈپلومہ ہوگا۔ ڈاکٹر السلومی نے کہا کہ یونیورسٹی کے سربراہ شہزادہ ڈاکٹر ممدوح بن سعود ثنیان آل سعود کی ہدایت پر نئے پروگرام شروع کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ سعودی مارکیٹ کو جس قسم کے افراد کی ضرورت ہے ایسے ہی کورس منتخب کرکے افراد تیار کیے جائیں۔ السلومی نے کہا کہ حج و عمرہ بزنس مینجمنٹ پروگرام اپنی نوعیت کا پہلا ہے۔ اس کے تحت حج و عمرہ زائرین کے اجتماعات کو منظم کرنے والے افراد تیار کیے جائیں گے۔ ڈپلومہ کے امیدواروں کو بتایا جائے گا کہ حج اور عمرہ کے کاموں کو کس طرح منظم کیا جاتا ہے۔ بڑے اجتماعات سے کس طرح نمٹا جاتا ہے۔ اس قسم کے مواقع پر پیدا ہونے خطرات سے آگاہ کیا جائے گا اور یہ بھی بتایا جائے گا کہ ان سے کیسے نمٹا جائے گا۔ علاوہ ازیں کھانے پینے کی اشیا کے حوالے سے تمام امور سمجھائے اور بتائے جائیں گے۔ حج اور عمرہ سرگرمیوں سے متعلق سرکاری و خانگی اداروں کی ضروریات کیا ہیں، انہیں کس طرح پورا کیا جاتا ہے۔ زائرین کی خدمت پر مامور خدام میں کس قسم کی خوبیاں درکار ہیں انہیں کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ یونیورسٹی کے ڈین نے کہا کہ ڈپلومہ پروگرام میں مملکت کے اندر یا باہر سے ثانوی پاس افرادکو داخلہ دیا جائے گا۔ امیدوار سے کیریکٹر سرٹیفکیٹ طلب کیا جائے گا۔ یونیورسٹی کی طرف سے مقرر تحریری امتحان یا انٹرویو کو پاس کرنا ہوگا۔داخلے کی حتمی منظوری کے بعد ڈپلومہ فیس وصول کی جائے گی۔