مردم شماری میں پسماندہ طبقات کی تفصیلات حاصل کی جائیں

   

وزیر اعظم نریندر مودی کو پونم پربھاکر کا مکتوب
حیدرآباد۔ 16 اگست (سیاست نیوز) وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے ملک گیر سطح پر مردم شماری میں پسماندہ طبقات کے ساتھ ناانصافی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مردم شماری میں پسماندہ طبقات کی تفصیلات حاصل کرنے سے متعلق وعدے پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پسماندہ طبقات سے دھوکہ کیا ہے۔ مرکز نے مردم شماری کے دوران مختلف طبقات کی تفصیلات حاصل کرنے کا تیقن دیا تھا جس کے تحت پسماندہ طبقات کی ملک میں حقیقی آبادی کا تعین ہوسکتا ہے۔ مرکز نے مردم شماری کے طریقہ کار کے بارے میں جو سرکیولر جاری کیا ہے ان میں پسماندہ طبقات کی تفصیلات کے حصول کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری 2027 میں او بی سی اور سماجی اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات کے الگ زمرہ کو شامل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے فارم میں پسماندہ طبقات کی تفصیلات کو درج کرنے سے ملک میں ان کی حقیقی آبادی کا پتہ چلے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایس سی اور ایس ٹی کی طرح بی سی طبقات کے لئے بھی علیحدہ زمرہ شامل کیا جائے۔ تلنگانہ حکومت نے جامع سروے کے ذریعہ ریاست میں تمام طبقات کی حقیقی آبادی کا پتہ چلانے کی کوشش کی ہے۔ سروے کے اعتبار سے مختلف طبقات کے لئے تعلیم، روزگار اور سیاست میں تحفظات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پونم پربھاکر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مردم شماری پر مرکز کے رویہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی خود کو او بی سی قرار دیتے ہیں لیکن انہوں نے وزیر اعظم کی حیثیت سے ملک میں او بی سی طبقات کی بھلائی کے لئے کچھ نہیں کیا۔ تلنگانہ حکومت کے دباؤ پر مردم شماری میں پسماندہ طبقات کی تفصیلات حاصل کرنے کا تیقن دیا تھا لیکن جو سرکیولر جاری کیا گیا ان میں طبقاتی طور پر تفصیلات حاصل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ 1؍F