مرلی دھرن تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئے کویت پہنچے

   

کویت۔14ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیرمملکت برائے خارجہ وی مرلی دھرن کویت کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی غرض سے آج یہاں پہنچے ۔کویت پہنچنے پر مرلی دھرن نے ٹویٹر پر بتایا کہ ’’مغربی ایشیا کے سرکاری دورہ پر آج صبح کویت پہنچ گئے ہیں۔ ہندوستان اور کویت کے درمیان کافی اچھے تعلقات ہیں‘‘۔ذرائع کے مطابق مرلی دھرن کے دورہ کو کویت کے حکمرانوں اور سینئر سیاستدانوں کے ساتھ بہتر تعلقات بنانے کی کوششوں سے جوڑا جا رہا ہے ۔ تیل سے مالا مال کویت ہندوستان میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھا بھی سکتا ہے جس کے پیش نظر یہ دورہ کافی اہم تصور کیا جارہا ہے ۔کویت نے ہندوستان میں فی الحال پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جسے بڑھائے جانے کی توقع ہے ۔