مرکزی زرعی قوانین کیخلاف ریاست بھر میں کانگریس کی دستخطی مہم

   

محبوب نگر میں مانکیم ٹیگور افتتاح کریں گے ، 10 نومبر تک ہر گاؤں میں مہم جاری رہے گی
حیدرآباد: مرکزی حکومت کے زرعی بلز کے خلاف کانگریس نے کل 3 نومبر سے 10 نومبر تک ریاست بھر میں کسانوں میں دستخطی مہم کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہر منڈل میں 2000 کسانوں سے مرکزی بلز کے خلاف دستخطیں حاصل کی جائیں گی۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی محبوب نگر میں کسانوں کی دستخطی مہم پروگرام میں حصہ لیں گے ۔ ان کے ہمراہ اے آئی سی سی سکریٹریز ومشی چند ریڈی ، سمپت کمار ، ضلع کانگریس صدر عبید اللہ کتوال اور دیگر قائدین شرکت کریں گے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، سابق اپوزیشن لیڈر جانا ریڈی ضلع نلگنڈہ میں دستخطی مہم کا آغاز کریں گے ۔ کھمم میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا رینوکا چودھری ، ایس چندر شیکھر اور دیگر قائدین شرکت کریں گے۔ ملکاجگیری میں رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی ، کریم نگر میں پونم پربھاکر ، جگتیال میں رکن کونسل جیون ریڈی ، سرسلہ میں پونالہ لکشمیا ، سنگا ریڈی میں کسم کمار ، رکن اسمبلی جگا ریڈی ، سدی پیٹ میں دامودر راج نرسمہا ، رنگا ریڈی میں کونڈا وشویشور ریڈی ، ناگر کرنول میں ملو روی ، بھوپال پلی میں رکن اسمبلی سریدھر بابو اور ملگ میں رکن اسمبلی سیتکا کسانوں کی دستخطی مہم کا آغاز کریں گے ۔ پونم پربھاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کسانوں کے مفادات کو کارپوریٹ اداروں کے پاس گروی رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے تین قوانین کو منظوری دی ہے۔ ملک بھر میں کسانوںکی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ مرکزی حکومت کاپوریٹ طبقہ کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے مرکزی قوانین کی بظاہر مخالفت کی لیکن تلنگانہ میں قوانین پر عمل آوری روکنے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔