مرکزی وزارت داخلہ کے عہدیداروں سے ملو روی کی ملاقات

   

اثاثہ جات کی تقسیم ، آئی پی ایس عہدیداروں کے الاٹمنٹ اور دیگر امور پر نمائندگی
حیدرآباد ۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) نئی دہلی میں تلنگانہ کے خصوصی نمائندہ ڈاکٹر ملو روی نے وزارت داخلہ کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کی اور تلنگانہ کے زیر التواء امور پر بات چیت کی۔ مرکز کی جانب سے تلنگانہ کے زیر التواء امور کی یکسوئی کی درخواست کی گئی۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے تحت تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے علاوہ دہلی میں اے پی و تلنگانہ بھون کی تقسیم، دونوں ریاستوں میں اثاثہ جات کی تقسیم کے معاملہ میں مرکزی وزارت داخلہ سے نمائندگی کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ نئی دہلی میں تلگو ریاستوں کے درمیان جائیدادوں کی تقسیم کے سلسلہ میں مرکز کو فوری کارروائی کرنی چاہئے ۔ وزارت داخلہ نے اس سلسلہ میں عاجلانہ اقدامات کا بھروسہ دلایا۔ این ڈی آر ایف فنڈس کی تلنگانہ کو اجرائی کے سلسلہ میں تاخیر پر ڈاکٹر ملو روی نے وزارت داخلہ کے سکریٹری سے نمائندگی کی ۔ عہدیداروں نے کہا کہ تلنگانہ سے جو تجاویز موصول ہوں گی ، ان پر غور کیا جائے گا ۔ تلنگانہ کو مزید آئی پی ایس عہدیدار الاٹ کرنے کی نمائندگی کی گئی۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش بھون کی تقسیم کے بعد علحدہ تلنگانہ بھون کی تعمیر کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ 1