کاکروچ جنتا پارٹی کے مطالبات کے ساتھ عوام سڑکوں پر، نام نہاد دانشور دوبارہ سوشیل میڈیا پر سرگرم، مسلم نوجوانوں کو سوال پوچھنے کے بجائے سر جھکائے رکھنے پر زور
حیدرآباد۔24۔مئی ۔ (سیاست نیوز) کاکروچ جنتا پارٹی نے ملک میں اپوزیشن سیاسی جماعتوں کو سڑکوں پر جدوجہد کرنے اور ان کے مسائل اٹھانے کے لئے مجبور کردیا ہے اور اب کانگریس کے علاوہ ملک کی دیگر علاقائی سیاسی جماعتیں بھی کاکروچ جنتا پارٹی کے مطالبات کے ساتھ سڑکوں پر اتر آئی ہیں۔ کاکروچ جنتا پارٹی جس نے ہندستانی وزیر تعلیم دھرمیند پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ شروع کرتے ہوئے آن لائن پٹیشن کا آغاز کرتے ہوئے زائد از 6لاکھ دستخطیں جمع کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس مطالبہ میں شدت پیدا کرنے کے لئے آن لائن مہم چلا رہی ہے اب اس مطالبہ کے ساتھ ملک کی اہم اپوزیشن کانگریس کے علاوہ اترپردیش میں کانگریس اور سماج وادی پارٹی نے دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر احتجاج کا آغاز کردیا ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی کو مرکزی حکومت کی جانب سے جس انداز میں دبانے کی کوشش کی ہے اور یہ باور کروایا جانے لگا ہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی دراصل ملک کی سالمیت کے لئے خطرہ ہے اسی لئے حکومت ان کے خلاف کاروائی کر رہی ہے تو ایسی صورت میں ’کاکروچ جنتا پارٹی ‘ خود کو منوانے میں مصروف رہی ہے اور اپوزیشن جماعتوں نے ان کے مطالبات پر باضابطہ تحریک کا آغاز کردیا ہے۔ نوجوان جو ’کاکروچ جنتا پارٹی ‘ کا تیزی سے حصہ بننے کے علاوہ اپنے مسائل کو کاکروچ جنتا پارٹی سے آن لائن رجوع کرنے لگے ہیںان مسائل پر کاکروچ جنتا پارٹی کھل کر اپنے موقف کا اظہار کرنے لگی ہے جو کہ نوجوان نسل کو متاثر کر رہا ہے۔ نوجوان نسل کی کاکروچ جنتا پارٹی سے قربت کو دیکھتے ہوئے اب سماج کیونام نہاد متفکرین و دانشور دوبارہ سوشل میڈیا پر سرگرم ہوچکے ہیں جو نوجوانوں کی اس تحریک کو سیاسی سازش قرار دیتے ہوئے ’کاکروچ‘ سے دور رہنے کا مشورہ دینے لگے ہیں۔ سماج کو ہندو اور مسلمان کے درمیان تقسیم کرنے والے سیاستدانوں کے حامی جو غلامانہ ذہنیت رکھتے ہیں وہ نوجوانوں کو یہ باور کروانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ملک میں شورش پیدا کرنے کے لئے یہ سازش کی جار ہی ہے حالانکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ چیف جسٹس آف انڈیا نے جو جملے کہے ہیں ان جملوں سے دلبرداشتہ نوجوان آن لائن ’کاکروچ جنتا پارٹی ‘ کا طنز کرتے ہوئے حقائق کو منظر عام پر لانے لگے ہیں ۔ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ کاکروچ جنتا پارٹی سازش ہے تو کیا وہ چیف جسٹس آف انڈیا کو اس سازش کا حصہ مانتے ہیں جو کہ ملک میں شورش پیدا کرنے کے لئے تیار کی گئی ہے! مسلم سماج میں بھی کاکروچ جنتا پارٹی سے دور رہنے کی تاکید و تلقین کی جا رہی ہے تاکہ نوجوان سوال پوچھنے کے بجائے اپنی گردن جھکائے ہر اس فیصلہ کو قبول کرتے رہیں جو کہ ان کے مستقبل ‘ بنیادی سہولتوں کے علاوہ بہتر سماج کی تشکیل کے نام پر کیا جا رہاہے۔3