مرکز کی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کیلئے کسانوں سے اپیل

   

بی جے پی قائدین مرکز سے نمائندگی کریں، ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کا مشورہ
حیدرآباد۔14 جنوری (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی نے کسانوں سے اپیل کی کہ مرکزی حکومت کی مخالف کسان پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کیلئے تیار ہوجائیں۔ انہوں نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے وزیراعظم کو روانہ مکتوب پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ چیف منسٹر نے کھاد کی قیمتوں میں اضافہ سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے مکتوب روانہ کیا تھا ۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت کا رویہ کسانوں اور زرعی شعبہ کے حق میں نہیں ہے۔ زرعی قوانین ہوں یا پھر کھاد کی قیمتوں میں اضافہ اس طرح کے فیصلوں کے ذریعہ زرعی شعبہ کو تباہی سے دوچار کرنے کی تیاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کارپوریٹ شعبہ کو فائدہ پہنچانے کے لئے زرعی شعبہ کو نقصان پہنچانے کے درپہ ہے تاکہ کسان اپنی پیداوار کارپوریٹ اداروں کو فروخت کرنے پر مجبور ہوجائیں۔ انہوں نے بی جے پی قائدین کے بیانات پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت پر تنقید کرنے کے بجائے بی جے پی قائدین کو چاہئے کہ وہ کسانوں کے مسائل پر مرکز سے نمائندگی کریں۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ کسانوں کی بھلائی کیلئے تلنگانہ حکومت کی اسکیمات ملک بھر میں مثالی ہے۔ کسی اور ریاست میں کسانوںکو 24 گھنٹے مفت برقی کی سربراہی ، رعیتو بیمہ اور رعیتو بندھو جیسی اسکیمات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کو بچانے کیلئے کالیشورم پراجکٹ تعمیر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں سے مرکزی حکومت کی پالیسی کسانوں کے لئے نقصان دہ ثابت ہورہی ہے ۔ ملک کو غذا فراہم کرنے والے کسانوں کے ساتھ مرکز کا رویہ ٹھیک نہیں ہے۔ پرشانت ریڈی نے بتایا کہ کسانوں سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر ریاستی وزراء نے مرکز سے نمائندگی کی تھی ، باوجود اس کے مرکز کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے کسان بی جے پی کو مناسب سبق سکھائیں گے۔ ر