مرکز کے ساتھ مل کر ترقیاتی کاموں پر توجہ دیں:ممتا بنرجی

   

کلکتہ 21اگست(سیاست ڈاٹ کام)مرکزی حکومت اور ممتا حکومت کے درمیان جاری کشمکش کے دوران وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ریاستی وزراء اور افسران سے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔ترقیاتی کاموں میں سیاست کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ہر ایک کو اپنا کام کرتے رہنا چاہیے ۔ خیال رہے کہ بنگال حکومت اور مرکزی حکومت دونوں ایک دوسرے کے خلاف عدم تعاون کا الزام عاید کرتی رہی ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی اور م رکزی وزراء ہمیشہ یہ کہتے رہے ہیں کہ ممتا حکومت مرکزی حکومت کے اسکیموں کو نافذ نہیں کرکے ریاست کو ترقی سے محروم کررکھا ہے ۔وہیں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی مسلسل مرکز پر ریاستی حکومت کو نظر انداز کرنے اور عدم تعاون کا الزام عاید کرتی رہیں۔ وزیرا علیٰ ممتابنرجی نے کہا کہ آئیڈیولوجی کے اعتبار سے ہم بی جے پی کے خلاف ہیں،بہت سارے کاموں میں مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کی ہم مخالفت کرتے ہیں اور یہ جاری رہے گامگر ملک و ریاست کی ترقی میں کسی قسم کی عصبیت اور اختلافات آڑے نہیں آنا چاہیے اورمرکز و ریاست دونوں کو مل کر کام کرنی چاہیے ۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ممبران اسمبلی سے کہا کہ اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کے ساتھ عوام کے ساتھ روابط میں اضافہ کریں،انہوں نے قانون سازوں سے کہا ہے کہ حکومت کے پروجیکٹ سے متعلق عوام کو آگاہ کریں۔