مرکے بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے ؟قتل کے 10 دن بعد بھی متوفی عمران کی تدفین کی رکاوٹیں

   

پولیس نعش کی ہڈیاں حوالے کرنے میں پس و پیش کا شکار۔ اصل قاتل کی تلاش جاری
حیدرآباد /17 اگست ( سیاست نیوز ) سرور نگر سنسنی خیز عمران قتل کیس میں عمران کی تجہیز و تکفین میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ۔ عمران کے افراد خاندان کی جانب سے ہڈیوں کو فراہمی کے مطالبہ پر پولیس پس و پیش کا شکار ہے ۔ عمران کا قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کے ٹکڑے کرکے جلادیا گیا تھا ۔رشتہ دار نوجوان کی ہڈیوں کو حاصل کرکے اسلامی روایات کے مطابق تدفین کے خواہاں ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اصل قاتل کی گرفتاری تک یہ اقدام مکن نہیں ۔ قتل کے 10 دن بعد بھی ہونہار اور نمبر ون پولیس ایک قاتل کو ڈھونڈنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے ۔ رچہ کنڈہ کی پولیس سونو سنگھ کے آگے بے بس ہے ۔ عمران کے افراد خاندان کا احساس ہے کہ پہلے پولیس ان کے لڑکے کو بچا نہیں سکی اور اب تدفین کی انجام دہی میں بھی پولیس کی بے حسی رکاوٹ ہے ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے بچے کو جینے دیا اور نہ ہی مرنے کے بعد افراد خاندان کو راحت فراہم کی ہے ۔ عمران کے افراد خاندان بالخصوص بے بس والدہ کل پولیس سے رجوع ہوئیں تھیں اور بیٹے کی ہڈیوں کو فراہم کرنے کی درخواست کی تھی کہ اس کی تدفین عمل میں لائی جاسکے ۔ پولیس کا انداز وہی نرالا ہے ۔ اے سی پی ایل بی نگر مسٹر کاشی ریڈی نے کہا کہ قاتل کی تلاش کیلئے پولیس کی جانب سے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے اور سونو سنگھ کی تلاش جاری ہے ۔ اے سی پی نے بتایا کہ عمران کی ہڈیوں کو اس کے افراد حوالے کرنا مشکل ہے چونکہ عمران کی نعش کو جلادیا گیا تھا اور اس مقام کی نشاندہی کے علاوہ اس کے متعلق تمام تفصیلات کا علم سونو سنگھ کی گرفتاری کے بعد ہوگا اور پولیس شدت سے سونو سنگھ کو تلاش کر رہی ہے ۔ اے سی پی نے دعوی کیا کہ سونو سنگھ کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔ کاشی ریڈی نے عمران کے افراد خاندان کو تیقن دیا اور کہا کہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ع