مریم نوازنے عمرہ کیلئے پاسپورٹ کی درخواست واپس لے لی

   

اسلام آباد : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور ہائی کورٹ میں عمرے کی ادائیگی کے لیے پاسپورٹ لینے سے متعلق درخواست واپس لے لی ہے۔ چہارشنبہ کو لاہور ہائی کورٹ میں مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی سے متعلق درخواست پر سماعت شروع ہوئی تو ان کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ ’مجھے کلائنٹ نے ہدایت کی ہے کہ پاسپورٹ واپسی کی درخواست واپس لی جائے۔‘لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔مریم نواز کی درخواست پر سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے جسٹس باقر علی نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل نیا بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔منگل کو مریم نواز کی درخواست پر سماعت کے لیے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بینچ تشکیل دیا گیا تھا تاہم جسٹس اسجد جاوید گھرال نے بھی سماعت سے معذرت کر لی تھی۔اس سے قبل بننے والے دو رکنی بینچ کے جج جسٹس فاروق حیدر نے مریم نواز کی پاسپورٹ کی واپسی کی درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی تھی۔