مساجدکو آباد رکھنا مسلمانوں کی ذمہ داری، دین کی خدمت کا جذبہ ضروری

   

اردو زبان سے نئی نسل کوآگاہ کیا جائے، ہنمکنڈہ میں جدید تعمیر شدہ مسجد خورد کا افتتاح۔ جناب عامر علی خاں صاحب،سید عظمت اللہ حسینی ، مولانا عمر عابدین کا خطاب

ورنگل۔9؍مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )جناب سید عظمت اللہ حسینی صدرنشین ریاستی وقف بورڈ نے کہاکہ ان کی یہ ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ اللہ تعالی ٰ ان سے دین کا کام لے، انہیں دینی خدمت کا موقع ملے۔انہوںنے کہا کہ بحیثیت وقف بورڈ چیرمین پوری ذمہ داری اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض کو انجام دیں گے۔انہوں نے کہاکہ قرآن مجید دین اور دنیا کا راستہ بتانے والی کتاب ہے، قرآن مجید دین و دنیا کی ضامن ہے۔انہوںنے کہاکہ مسجدوں کو آباد رکھنا ہم تمام لوگوں کی ذمہ داری ہے۔ انتظامی کمیٹی مسجد خورد صوبیداری کے زیر اہتمام تعمیر جدید مسجد خورد ( چھوٹی مسجد )صوبیداری ہنمکنڈہ کا بعد نماز عصر جناب سید عظمت اللہ حسینی کے ہاتھوں افتتاح عمل میںلایا گیا۔صدر مسجد ہذا جناب مقصود خان ،سکریٹری جناب محمد حسن الدین کی جانب سے منعقدہ اس شاندار تقریب کو سید عظمت اللہ حسینی نے مخاطب کرتے ہوئے مسجد کی تعمیر پر انتظامی کمیٹی کو مبارکباد پیش کی۔انہوںنے کہاکہ آج ہم بہت ہی نازک حالات سے گزررہے ہیں۔ورنگل ایک پرامن شہر ہے۔انہوں نے بچوں کو اردو زبان سکھانے پر زور دیا کیونکہ ہمارے اسلامی لٹریچر کا زیادہ مواد اردو میں ہی تحریرہے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں ملک کے آئین اور جمہوریت کو بچانا ہے۔تلنگانہ کی موجودہ حکومت مسلم دوست حکومت ہے۔گزشتہ میں مسجدوں کو شہید کردیا گیا اور مسلمانوں کا استحصال کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ ہمیں مسجدوں کو آباد کرتے ہوئے اس کی حفاظت کے لئے اقدامات کریں۔رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ نائنی راجندر ریڈی نے مسجد کے افتتاح پر مدعو کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور مسجد کی تعمیرجدید پر مبارکباد پیش کی۔انہوںنے کہاکہ ضلع ہنمکنڈہ ایک قابل ضلع میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ جس امید کے ساتھ مسلمانوں نے انتخابات میں کامیاب کیا ہے ان امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا۔جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست نے کہاکہ قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ لوگ قرآن مجید پڑھتے تو ہیں لیکن اس کا ترجمہ نہیں پڑھتے۔ترجمہ پڑھنے پر ہی انہیں معلوم ہوگا کہ وہ کیا پڑھ رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ماہ صیام میں ہم جس طرح اللہ کی رضا کے لئے جو دینی و فلاحی کاموں کو انجام دیتے ہیں اسی طرح ان کاموں کو سال بھربھی انجام دیں۔ حقوق العباد کی عمل آوری کے لئے اقدامات کریں۔تمام لوگوں کے حقوق کو ادا کیجئے۔انہوںنے حقوق العباد کیا ہے اس سے متعلق مسلمانوں کو واقفیت حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔مہمان مقرر مولانا مفتی محمد عمر عابدین قاسمی و مدنی جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل تلنگانہ نے کہاکہ وہی لوگ مسجد تعمیر کرتے ہیں جو اللہ اور رسول ؐپر ایمان رکھتے ہیں،اور اللہ کے سوا کسی سے نہ ڈرتے ہوں۔اللہ کے گھر کو اللہ کے گھر کی طرح ہی رکھا جائے یہاں کسی مسئلہ یا مسالک کے مسئلوں کودرمیان حائل نہ کریں یہ مسجد کے ساتھ ظلم ہوگا۔مسجد نے اتحاد کا پیغام دیا ہے۔مسجد اللہ تعالی کی عبادت گاہ کے علاوہ مسلم معاشرے کے دینی ،فلاحی کاموں کا مرکز ہے۔انہوںنے کہاکہ مسجدوں کو آباد رکھا جائے۔حافظ خلیق احمد صابرجنرل سکریٹری جمیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا نے کہاکہ اللہ کو منانے کے اقدامات کریں اور ماہ رمضان میں زیادہ سے زیادہ سے عبادتوں میں مشغول رہیں۔مسجد کو آباد رکھیں اور مسجد کو فلاحی کاموں کا مرکز بنائیں۔انہوںنے کہاکہ مجوزہ پارلیمانی انتخابات میں سوچ سمجھ کر اپنے ووٹ کے حق کا فیصلہ کریں۔جناب جلال الدین اکبر سابق کنزرویٹر آف فاریسٹ نے صدارتی تقریر میں کہا کہ آج سے 8سال قبل مرحوم عبدالرشید خان نے مسجد کی تعمیر نو کے لئے منصوبہ بنایا تھااور آج اس کی تکمیل ہوگئی ہے۔اس موقع پر مرحوم عبدالرشید خان کے لئے دعا کی گئی۔اس کے علاوہ مسجد میں تعاون کرنے والے ہر شخص کا انہوں نے شکریہ ادا کیا۔مولانا عتیق الرحمن اسعدی نے نظامت کی۔عبدالجلیل خان نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اس موقع پرمسجد انتظامیہ کی جانب سے صدر مدرس انوار العلوم خواجہ سعید الدین کے علاوہ مسجد کے امام اور موذن اور مہمانوں کی گلپوشی اور شالپوشی انجام دی گئی۔اس موقع پر خواجہ معین الدین سی ای او وقف بورڈ ،محمد اعظم علی انجینئر ،مولانا عبدالستار قاسمی ،مولانا عبدالعظیم قاسمی ،ڈاکٹر انیس احمد صدیقی ،محمد عزیز خان اقلیتی چیرمین ہنمکنڈہ ،محمد ایوب اقلیتی چیرمین ورنگل ، منصور خان ،نوید ،کے علاوہ مسجد کمیٹی کے دیگر ذمہ داران ،علماء ،حفاظ ،معززین شہر ،دانشوران اور شرکاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔