مساجد پردہشت گرد حملہ : سلامتی کونسل نے مذمت کی

   

اقوام متحدہ۔ 16 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جمعہ کو نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر ہوئے دہشت گردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ ان حملوں میں 49 افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔ سلامتی کونسل کے ارکان نے متاثرہ خاندانوں اور نیوزی لینڈ حکومت سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ ایک بیان میں کونسل نے کہا کہ وہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت مند ہونے کیلئے دعاگو ہیں۔ کونسل کے ارکان نے دہشت گردی کی قابل مذمت کارروائیوں کیلئے مجرموں، تنظیموں، مالیاتی معاونین اور اسپانسرز کو ذمہ دار ٹھہرانے اور انہیں انصاف کے دائرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا اور تمام ممالک سے نیوزی لینڈ کی حکومت اور اس سلسلے میں دیگر تمام متعلقہ حکام کے ساتھ فعال طور پر تعاون کرنے کی اپیل کی۔