مسجد الحرام، مسجد نبویؐ میں نماز تراویح ہوگی

,

   

ریاض ۔ 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کے باعث احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نماز تراویح کو 10 رکعت تک محدود کردیا گیا ہے۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق حرمین جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ دونوں مساجد میں رمضان کے دوران نمازیوں پر پابندی برقرار رہے گی اور احتیاطی اقدامات کے تحت اس سال رمضان کے دوران اعتکاف بھی نہیں ہوگا۔سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ تراویح کی رکعت 20 کے بجائے 10 ہوں گی جسے دو امام پڑھائیں گے جن میں سے پہلا امام 6 رکعت اور دوسرا امام 4 رکعت اور وتر پڑھائیں گے، تہجد کی نماز بھی ہوگی جبکہ ختم قرآن 29 ویں شب کو ہوگا۔کورونا کی وبا کی وجہ سے رمضان کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں افطار دسترخوان پر بھی پابندی ہے، اس کے بجائے مستحق افراد میں رمضان راشن کے تھیلے تقسیم کیے جارہے ہیں-سعودی ادارہ فلکیات کے سربراہ شرف سفیانی کے مطابق سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند جمعرات کی شام نظر آنے کا امکان ہے، اس لیے پہلا روزہ جمعہ 24 اپریل کو ہونے کی توقع ہے.سعودی عرب میں کورونا کے وائرس کے کیسز کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہے اور اب تک 100 سے زائد افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔