مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 10 رکعت کی تراویح

,

   

دوآئمہ امامت کریں ،اعتکاف پر پابندی ،رمضان سے قبل 10 نکاتی منصوبے کا اعلان

ریاض۔21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں تراویح 10 رکعت پر مشتمل ہوگی۔ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ دونوں مساجد میں رمضان کے دوران نمازیوں پر پابندی جوں کی توں برقرار رہیگی۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺکی جنرل پریذیڈنسی نے یہ بھی کہا ہے کہ احتیاطی اقدامات کے تحت اس سال رمضان کے دوران اعتکاف بھی نہیں ہوگا۔جاری اپنے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسجد نبویﷺ میں نمازیوں اور زائرین پر پابندی حسب سابق برقرار رہیگی۔ تراویح کی رکعت بیس کے بجائے دس ہوں گی۔تراویح دو امام پڑھائیں گے۔ پہلا امام چھ رکعت اور دوسرا اما م چار رکعت اور وتر پڑھائیں گے۔تہجد کی نماز بھی ہوگی جبکہ ختم قرآن حکیم 29 ویں شب کو ہوگا۔تراویح ،تہجد اور فرض نمازیں پڑھانے والے آئمہ اور خطیبوں کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مقدس مساجد میں علمی اسباق، قرآن کریم اورسنت مبارکہ ﷺکی مجلس اورتربیتی پروگرام آن لائن ہوں گے۔ قبل ازیں الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے رمضان المبارک سے متعلق 10 نکاتی منصوبے کا اعلان کیا تھا۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے مکہ مکرمہ گورنریٹس کے تعاون سے دونوں مقدس شہروں میں رمضان افطار راشن کی تقسیم کا افتتاح بھی کیا۔ یہ اس سال افطار دسترخوان کا متبادل ہوگا۔یاد رہے کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے رمضان کے دوران مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ﷺ مدینہ منورہ میں افطار دسترخوان پر پابندی ہے۔اس کے بجائے مستحق افراد میں رمضان راشن کے تھیلے تقسیم کیے جارہے ہیں۔ دس نکاتی منصوبے کے تحت دنیا بھر میں مقدس مساجد کے محبین کودینی اورعلمی پیغامات پہنچائے جائیں گے-۔دینی وعظ اورعلمی لیکچر آن لائن پیش کیے جائیں گے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کا پیغام دنیا بھر تک پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل ٹنا لوجی کا استعمال کیا جائے گا-۔سیٹلائٹ چینل اورسماجی رابطہ وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔