مسجد عثمانیہ عادل آباد کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

   

عادل آباد ۔ 12 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عادل آباد کے مسجد عثمانیہ (نزد ریلوے گیٹ) میں آج بعد نماز جمعہ انتظامی کمیٹی کے ذمہ داران مصلیان مسجد اور محلہ والوں کی موجودگی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں گداگروں (فقیروں) کی دن بہ دن بڑھتی ہوئی تعداد پر اظہار تشویش کرتے ہوئے مسجد عثمانیہ انتظامی کمیٹی صدر محبوب خان نے شرکاء اجلاس کو ایک تجویز پیش کی کہ وہ آئندہ جمعہ سے مسجد عثمانیہ میں گداگروں کی آمد پر پابندی عائد کی جائے اور اس کے برعکس مسجد میں ایک ’’خیراتی ڈبہ‘‘ لگایا جائے تاکہ مصلیان کی جانب سے خیرات میں دی جانے والی رقم اس ڈبہ میں ڈالی جائے اور جمعہ کو خیراتی ڈبہ سے حاصل ہونے والی رقم مسجد موذن کے پاس جمع کرتے ہوئے رجسٹر میں اندراج کیا جائے۔ جمع شدہ رقم سے واقعی ضرورت مند افراد کا تعاون کیا جاسکے۔ برقعہ پوش مسلم و غیر مسلم خواتین گداگروں کی دن بہ دن بڑھتی ہوئی تعداد کو محسوس کرتے ہوئے یہ اقدام کیا جارہا ہے۔ برقعہ پوش خواتین گداگروں کی وجہ جہاں ایک طرف مسلمانوں میں شرمندگی کو محسوس کی جارہی ہے وہیں دوسری طرف حقیقی ضرورت مند افراد استفادہ کرنے میں مایوسی کا شکار بنے ہوئے ہیں۔ لڑکیوں کی شادی کے لئے چندہ جمع کرنے والوں سے انکا تفصیلی پتہ حاصل کرتے ہوئے کمیٹی کے ذمہ داران کی جانب سے مکمل تحقیق کے بعد اگر وہ واقعی ضرورت مند ہیں تو ان کا بھرپور تعاون کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ عادل آباد کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا اقدام ہے جس کی ہر گوشہ سے ستائش کی جارہی ہے۔