مسجد نبویؐ ( ریاض الجنہ) میں قیام کا دورانیہ 10منٹ

   

ریاض۔(کے این واصف) مسجد نبویؐ شریف کے زائرین کو روضہ مبارکہ کی زیارت کے دوران حد درجہ تقدس و احترام کا خیال رکھنا چاہئے لیکن اکثر زائرین اس موقع پر سیلفی اور ویڈیو بنانے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ انتظامیہ نے متعدد بار میڈیا کے ذریعہ زائرین کو اس عمل سے منع بھی کیا ہے۔شاید زائرین کو اس عمل سے باز رکھنے کے لئے انتظامیہ نے زیارت کے لئے وقت کی پابندی عائد کردی ہے اور اپنے ایک بیان میں سعودی وزارت حج وعمرہ نے تصدیق کی ہے کہ ’مسجد نبویؐ روضہ شریفہ (ریاض الجنہ) میں قیام کا دورانیہ صرف دس منٹ ہے‘ نیز وزارت نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ’روضہ شریفہ میں داخلے کے خواہشمند افراد توکلنا یا اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ لینے کے پابند ہیں‘۔ سعودی شہری، مقیم غیر ملکی اور مختلف ویزوں پر آنے والے افراد اجازت نامے جاری کروا سکتے ہیں اور مناسب وقت کا انتخاب کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ مسجد نبویؐ کی انتظامیہ نے عمرہ سیزن شروع ہونے پر مدینہ منورہ آنے والے زائرین کو روضہ شریفہ میں نماز روضہ رسولؐ پر حاضری میں سہولت کے لیے مزید انتظامات کیے ہیں۔