کثیر مسلم آبادی والے علاقوں میں اُردو میڈیم اسکولس ، سائین بورڈ پر اُردو تحریر کرنے کا مطالبہ
محبوب نگر ۔20 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسلمانوں کے اہم مسائل پر حکومت تلنگانہ کے وزیر اقلیتی بہبودمحمداظہرالدین کو یوسف بن ناصر ریاستی کنوینرکانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ نے ایک عرضی پیش کی۔ جس میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام سرکاری اسکولوں میں پری پرائمری کلاسز کو جہاں اردو آبادی ہے منظور کیا جائے۔ ریاست میں زیادہ مسلم آبادی والے علاقوں میں آنگن واڑی اردو میڈیم منظور کئے جائیں۔ گروپ امتحانات کے سوالیہ پرچے اردو زبان میں فراہم کیے جائیں۔ تمام سرکاری دفاتر میں بورڈ اردو میں لکھے جائیں۔ حکومت کی طرف سے تمام طلباء کو ڈگری اردو میڈیم کی نصابی کتابیں مفت فراہم کی جائیں۔ ریاست کے سرکاری ڈگری کالجوں میں اردو میڈیم اساتذہ کی تقرری عمل میں لائی جائے۔ میونسپل حدود میں یونانی ڈسپنسریاں قائم کی جائیں۔ اردو اکیڈمی کی کمپیوٹر ٹریننگ کلاسز جلد شروع کی جائیں۔ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سے ہر سال قرض جاری کیا جائے۔ تمام اضلاع میں اردو میڈیم ڈائیٹ میں اساتذہ کی تقرری کی جائے۔ محکمہ اقلیتی بہبود میں دیگر محکمہ جات کے ملازمین کے تبادلے کرتے ہوئے خصوصی اردو افسران کا تقرر کیا جائے۔ تلنگانہ کے رہائشی اسکولوں میں ریٹائرڈ ملازمین کو ہٹایا جائے۔ ان کی جگہ بے روزگار مسلم امیدواروں کا تقرر کیا جائے۔ مسلم ملازمین کی فیصد میں اضافہ کیا جائے اور اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے اہل افراد کی ملازمت کو ترجیح دی جائے۔