مسلم علماء کی وزیر داخلہ اور ڈی جی پی سے ملاقات

   

بھوپال : بھوپال کے قاضی سید مشتاق علی ندوی کی زیر قیادت مدھیہ پردیش کے علماء کے ایک وفد نے آج ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سدھیر سکسینہ اور وزیر داخلہ نروتم مشرا سے ملاقات کی اور کھرگون فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ علماء نے 16 اپریل کو مسلم غلبہ والے علاقوں سے ہنومان جینتی جلوس نکالنے بجرنگ دل اور دیگر ہندو تنظیموں کے اعلان پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیر داخلہ اور ڈی جی پی پر زور دیا کہ وہ مسلم اکثریت والے علاقوں میں اس موقع پر سخت سیکوریٹی انتظامات کریں تاکہ کسی بھی ناگہانی واقعات کو روکا جاسکے۔ علماء کے وفد نے کھرگون میں مسلم طبقہ کے خلاف حکومت کی کارروائی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور اسے جانبدارانہ قرار دیا۔