مصرکی یونیورسٹی میں امتحانی پرچے روبوٹ تقسیم کریں گے

   

قاہرہ : مصر کی کفر الشیخ یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت کی فیکلٹی کے طلبہ و طالبات نے ایسا روبوٹ ڈیزائن کیا ہے جو ایپ کے ذریعہ کنٹرول کر کے یونیورسٹی کیمپس میں امتحانی پرچے تقسیم کر سکتا ہے۔عرب نیوز کے مطابق یونیورسٹی کے پروفیسر محمد عبدو قاسم کی رہنمائی میں 12 طلبہ و طالبات کی ٹیم میں سے ایک احمد راغب ابراہیم الشناوی نے بتایا ہے کہ ہمارا وڑن ایسا پراجکٹ تیار کرنا تھا جو یونیورسٹی کے لیے براہ راست کام آئے۔احمد راغب نے بتایا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے تحت روبوٹ آپریٹنگ سسٹم(آر او ایس) سے چلنے والا یہ شاہکار یونیورسٹی کی مختلف عمارتوں میں کاغذات اور دستاویزات کی ترسیل کے عمل میں بھی پیش پیش رہے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ روبوٹ کے مجموعی طور پر دو ماڈلز ہوں گے ابتدائی طور پر اس میں مختلف راستے اور فاصلے کا تعین اور ٹریفک کے حوالے سے مشین لرننگ سسٹم نصب ہوگا۔آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے طلباء کی ٹیم میں شامل ایک اور طالب علم حنین محمد کمال محمد نے مزید کہا ہے کہ ہم نے روبوٹ میں کمپیوٹر ویژن ن ماڈل شامل کیا ہے جو سڑک پر موجود علامات جیسے موڑ کے اشارے، رکنے کے نشانات اور پیدل چلنے والوں کے ضوابط کو سمجھتا ہے۔اس روبوٹ میں نیوی گیشن سسٹم کے تحت یونیورسٹی کے راستوں کا تعین کیا جائے گا جس سے اس کی کارکردگی مزید بہتر ہو گی۔