مطالبات کی عدم تکمیل پر عنبرپیٹ کے لوگ جی ایچ ایم سی انتخابات میں NOTA کو ترجیح دینے کا انتباہ

   

حیدرآباد : عنبرپیٹ سرکل کے لوگوں نے فیصلہ کیا ہیکہ اگر ان کے مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو وہ یکم ؍ ڈسمبر کو منعقد شدنی جی ایچ ایم سی انتخابات میں نوٹا (NOTA) کا استعمال کریں گے۔ اس علاقہ میں ایک دہے سے زیادہ عرصہ سے قبرستان کو وسعت نہیں دی جارہی ہے جبکہ مقامی لوگ اس کا مطالبہ کررہے ہیں جس سے انکار کیا جارہا ہے۔ مقامی لوگ اب سیاستدانوں کے جھوٹے وعدوں پر یقین کرنا نہیں چاہتے ہیں۔ اس علاقہ کے ساکن اور سماجی کارکن محمد شوکت نے کہا کہ ’’یہ مسئلہ کم از کم 15 سال پہلے شروع ہوا تھا۔ یہاں کا قبرستان بھر گیا ہے اس لئے ہم عہدیداروں سے اس کیلئے مزید جگہ الاٹ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں اور یہ مطالبہ 10 سال سے کیا جارہا ہے تاہم ہر وقت جب الیکشن ہوتا ہے تو لوگ ہم سے ووٹ مانگتے ہیں اور ہم سے وعدہ کرتے ہیں کہ وہ قبرستان کیلئے جگہ فراہم کریں گے لیکن کوئی بھی اس سلسلہ میں کچھ نہیں کیا ہے‘‘۔ صورتحال اس قدر خراب ہوگئی ہیکہ یہاں کے لوگوں کو ایک قبر میں ایک سے زیادہ نعشوں کو دفن کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ عنبرپیٹ کے ساکن ایس صلاح الدین نے کہا کہ ’’جب ہم ہمارے رشتہ داروں کی نعش قبرستان لے جاتے ہیں تو وہ ہم سے پوچھتے ہیں کہ کیا کوئی دوسرے خاندان کا فرد وہاں دفن ہے۔ جب ہم انہیں وہ خبر دکھاتے ہیں تو وہ اس کی کھدائی کرتے ہیں اور نئی نعش کو وہاں دفن کرتے ہیں۔ یہ مرحومین کی توہین کے مترادف ہے۔ ان کے مسائل کے ایک حل کے طور پر یہاں کے شہری دو آپشنس کو اختیار کرنے پر آمادہ ہیں۔ محمد شوکت نے کہا کہ ’’پہلا اور زیادہ مناسب اختیار اب (NOTA) نوٹا کو اختیار کرنا ہے اور کہا کہ ہم اسمبلی انتخابات کے دوران بھی یہ کیا تھا۔ تاہم اس مرتبہ ہم ایک مہم چلائیں گے اور زیادہ لوگوں کو ہمارے ساتھ ہونے کی ترغیب دیں گے۔ بصورت دیگر ہم کسی آزاد امیدوار کو خود ہمارے میں سے دیکھیں گے جو اس مطالبہ کو پورا کرے گا۔ عنبرپیٹ کے ساکن پی منیراحمد نے اس علاقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر انتخابی مقابلہ کررہے ہیں، کہا کہ اگر وہ ان انتخابات میں کامیاب ہوجائیں تو قبرستان کے لئے مزید جگہ فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں اپنی پوری زندگی اسی علاقہ میں رہنے آیا ہوں اور یہاں کے لوگوں کو درپیش مسائل سے بخوبی واقف ہوں۔ اس لئے میری پہلی ترجیح قبرستان کو وسعت دینا ہوگی۔ میں سڑکوں اور ڈرینج سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے بھی کام کروں گا‘‘۔