پرتاپ گڑھ: بی جے پی حکومت فسطائیت کی بنیاد پر بغیر کسی عدالتی حکم کے مظلوم و بے گناہ مسلمانوں کی املاک پر بلڈوزر چلاکر یہ واضح کر دیا کہ آئین ہند و قانون کی کوئی اہمیت نہیں ہے ،بلکہ اب آرایس ایس کے آئین سے ملک کو چلایا جائے گا ،جس میں اقلیتوں ،دلتوں و پسماندہ طبقات کی کوئی جگہ نہیں ہے ، یہ مدھیہ پردیش کے کھرگون میں حکومت نے مظلوم بے گناہ مسلمانوں کی املاک پر بلڈوزر چلا کر ثابت کر دیا ہے ۔پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے رام نومی پر ہوئے فرقہ وارانہ فساد و مسلمانوں کی املاک پر چلائے گئے بلڈوزر کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔انھوںنے کہا کہ آج جو لوگ رام کے نام پر تشدد کا انجام دے کر ایک خصوصی طبقے مسلمانوں پر ظلم کر رہے ہیں ،کیا آج رام دنیا میں ہوتے تو ان فسطائی سیاست کر اقتدار پر قابض ہونے والوں پر خوش ہوتے ؟ کبھی نہیں ،رام کے آدرش و قربانی کو سمجھنے والے تشدد کے کیا حامی ہو سکتے ہیں ؟