معروف عالم دین مولانا عبدالعلیم اصلاحی کا انتقال

,

   

حیدرآباد۔27۔ستمبر(سیاست نیوز) معروف عالم دین و مصنف مولانا عبدالعلیم اصلاحی ناظم و مہتمم جامعۃ البنات الاصلاحیہ کا آج سہ پہر انتقال ہوگیا۔ مولانا عبدالعلیم اصلاحی کا شمار شہر حیدرآباد کی ان بزرگ شخصیات میں ہوتا تھا جو عملی طور پر مسلم کاز کے لئے جدوجہد کرنے والوں میں شامل تھے۔ مولانا عبدالعلیم اصلاحی جو کئی تحریکات کے محرک اور عملی جہدکار ہونے کے علاوہ کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے۔ مولانا عبدالعلیم اصلاحی ولد محمد نسیم مرحوم نے شہر حیدرآباد میں جامعۃ البنات الاصلاحیہ کی بنیاد رکھی تھی جہاں مسلم لڑکیوں کی دینی تعلیم کا انتظام ہے۔مولانا کے انتقال کی خبر کے ساتھ ہی ان کے مکان واقع سعید آبادپرسیاسی ‘ سماجی و ملی قائدین کے علاوہ ان کے چاہنے والوں اور تحریکی نوجوانوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور مرحوم کے فرزند جناب معتصم باللہ کو والد کے سانحہ ارتحال پر پرسہ دیا۔ مولانا عبدالعلیم اصلاحی ملک کی کئی اہم ملی تنظیموں اور جماعتوں کے مشیر اور سرپرست رہ چکے تھے اور اپنی آخری سانس تک کئی تنظیموں سے وابستہ رہے۔مرحوم کی نماز جنازہ 28 ستمبر بروز چہارشنبہ بعد نماز فجر مسجد حضرت اجالے شاہ ؒ میں ادا کی جائے گی اور تدفین مسجد سے متصل قبرستان میں عمل میں آئے گی۔