معروف پاکستانی شاعر، ادیب امجد اسلام امجد کا انتقال

   

لاہور : معروف شاعر، ڈرامہ نگار اور ادیب امجد اسلام امجد لاہور میں انتقال کر گئے۔ اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے، انتقال کے وقت ان کی عمر 78 برس تھی۔ اہل خانہ کے مطابق امجد اسلام امجد کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے۔اہلِ خانہ نے بتایا کہ امجد اسلام امجد کا انتقال رات سوتے ہوئے ہوا ہے، صبح جب انہیں جگانے کی کوشش کی گئی تو ان کا انتقال ہو چکا تھا۔امجد اسلام امجد 4 اگست 1944ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔شاعری اور ڈرامہ نگاری میں منفرد پہچان رکھنے والے امجد اسلام امجد مختلف اخبارات میں کالم نگاری بھی کرتے تھے۔امجد اسلام امجد نے ڈرامہ نگاری میں بہت نام کمایا، ان کے لکھے گئے کئی ڈرامے ایسے ہیں جو شاید ہی کبھی ناطرین کے ذہنوں سے محو ہو سکیں۔ ان کے مقبول ترین ڈراموں میں وارث، دن، فشار سمیت دیگر شامل ہیں۔امجد اسلام امجد نے 50 سالہ کیریئر میں 40 سے زائد کتابیں لکھیں، انہیں ٹی وی کیلئے اپنے ادبی کام اور اسکرین پلے کیلئے بہت سے ایوارڈز ملے۔