معشوقہ کا قتل ، سوٹ کیس سے نعش برآمد ،عاشق گرفتار

   

حیدرآباد۔/14 اپریل، ( سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ دنڈیگل میں سافٹ ویر ملازم لڑکی کی سوٹ کیس میں نعش دستیاب ہونے سے سنسنی پھیل گئی۔ پولیس نے لڑکی کے عاشق کو اس سلسلہ میں گرفتارکرلیا ہے۔ 25 سالہ بی لاونیا ٹی سی ایس کمپنی میں ملازمت کررہی تھی اور وہ رام چندرا پورم کی ساکن تھی۔ لاونیا کا بوائے فرینڈ سنیل کمار اس سے شادی کرنے سے گریز کررہا تھا جبکہ سال 2017 میں دونوں کی منگنی طئے کی گئی تھی لیکن وہ نہیں ہوسکی۔ سنیل کمار لاونیا سے شادی کرنے سے بچ رہا تھا لیکن لاونیا شادی کیلئے اس پر دباؤ ڈال رہی تھی۔ سنیل کمار شادی سے بچنے کیلئے اس حد تک منصوبہ تیار کیا تھا کہ اس نے لاونیا کے والدین کو یہ باور کرایا کہ اسے مسقط کی ایک آٹو موبائیل کمپنی میں ملازمت حاصل ہوئی ہے اور اس کمپنی کا ایک فرضی شناختی کارڈ بھی تیار کیا۔ لاونیا کو بھی اپنے ساتھ لے جانے کے دعویٰ پر لڑکی کے ماں باپ دونوں کو چھوڑنے کیلئے 4 اپریل کو شمس آباد ایر پورٹ پہنچے تھے۔ شمس آباد کے ایک لاج میں کمرہ کرایہ پر حاصل کیا۔ سنیل کمار نے لاونیا کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور بعد ازاں اس کی نعش کو سوٹ کیس میں پیاک کرنے کے بعدموضع سورام میں ٹھکانے لگادیا۔