معظم علی خاں آل انڈیا فاریسٹ آفیسرس اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری پہلی مرتبہ تلنگانہ کے عہدیدار کو اعزاز

   

حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) آل انڈیا فاریسٹ آفیسرس اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری کے عہدہ پر تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے جناب معظم علی خاں کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کسی عہدیدار کو قومی سطح کی اسوسی ایشن میں اہم عہدہ پر فائز کیا گیا۔ 29 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ 40 ہزار فاریسٹ عہدیدار اس اسوسی ایشن سے وابستہ ہیں۔ تلنگانہ میں کاماریڈی ضلع سے تعلق رکھنے والے معظم علی خاں کے انتخاب پر تلنگانہ کے عہدیداروں نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ نئی دہلی میں آل انڈیا اسوسی ایشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انتخابات منعقد ہوئے۔ انتخاب کے بعد خطاب کرتے ہوئے محمد معظم علی خاں نے کہا کہ اس عہدہ پر ان کا انتخاب تلنگانہ کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں شجرکاری کی منفرد مہم ہریتا ہرم کا آغاز کیا ہے جسے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ جنگلات کی ترقی اور فروغ کیلئے تلنگانہ حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ر