معمولی تنازعہ پر ہجومی تشدد، مسلم نوجوان ہلاک

   

نظام آباد 16 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر نظام آباد کے آریہ نگر علاقہ میں کل رات پیش آئے ایک پرتشدد واقعہ میں ایک مسلم نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ونائیک نگر سے تعلق رکھنے والے محمد محسن پٹرول پمپ سے واپس لوٹ رہے تھے کہ اسی دوران ایک موٹر سائیکل سے معمولی ٹکر کے بعد تنازعہ پیدا ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس موقع پر دوسرے فریق نے تلخ کلامی شروع کی جس پر محسن کے اعتراض کرنے پر صورتحال کشیدہ ہو گئی۔ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص نے اپنے ساتھیوں کو طلب کیا جس کے بعد مختصر وقت میں ایک ہجوم جمع ہو گیا اور محسن پر حملہ کر دیا۔ ہجوم نے نوجوان کو بری طرح زد و کوب کیا جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ واقعہ کے دوران بعض افراد کی جانب سے اشتعال انگیز نعرے بھی لگائے جانے کی اطلاعات ہیں جس سے علاقہ میں کشیدگی پیدا ہو گئی۔اطلاع ملنے پر پولیس فوری مقامِ واقعہ پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کیا۔ زخمی محسن کو اس کے ساتھیوں کی مدد سے دواخانہ منتقل کیا گیا اس سلسلہ میں IVٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او ستیش نے بتایا کہ دونوں فریقین کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں اور مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، جبکہ پولیس مختلف زاویوں سے تحقیقات میں مصروف ہے۔