محفوظ ڈرائیونگ کو اپنائے ، کاماریڈی میں آرائیو الائیو پروگرام کا اہتمام ۔ ڈی جی پی شیودھر ریڈی کی کانفرنس
کاماریڈی ۔15 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس بی شیو دھر ریڈی نے زور دے کر کہا کہ سڑک تحفظ محض سرکاری اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور معمولی سی لاپرواہی بھی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے قومی شاہراہ نمبر 44 پر کوپریال ایکس روڈ کے قریب واقع حادثاتی مقامات (ہاٹ اسپاٹس) کا خود معائنہ کرتے ہوئے ٹریفک صورتحال، حادثات کے اسباب اور ان کی روک تھام کے لیے متعلقہ عہدیداران کو واضح اور سخت ہدایات جاری کی ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران اس مقام پر 12 حادثات پیش آئے جن میں 12 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے، جس پر ڈی جی پی نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔بعد ازاں ’’ارائیو الائیو (Arrive Alive) ‘‘ سڑک تحفظ مہم کے تحت کلابھارتی، کاماریڈی میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے ڈی جی پی مسٹر شیو دھرم ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں ہر سال تقریباً 800 افراد قتل کے واقعات میں جبکہ تقریباً 7,500 افراد سڑک حادثات میں اپنی جانیں گنوا رہے ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سڑک حادثات ایک سنگین سماجی مسئلہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مہم پولیس یا آر ٹی او تک محدود نہیں بلکہ ایک عوامی تحریک ہے جس میں ہر شہری کی فعال شرکت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سطح سے لے کر ریاستی سطح تک منظم بیداری مہم چلانے اور ٹریفک قواعد پر سختی سے عمل کرنے کے ذریعہ ہی اس چیلنج کا مؤثر حل ممکن ہے۔ی جی پی نے مزید کہا کہ ہر ڈرائیور کو چاہیے کہ وہ دفاعی ڈرائیونگ کو اپنائے، گاڑیوں کے درمیان کم از کم 2 تا 3 سیکنڈ کا محفوظ فاصلہ برقرار رکھے، رفتار پر قابو رکھے اور شاہراہوں پر دیہی راستوں سے آنے والی گاڑیوں کے حوالے سے خصوصی احتیاط برتیں۔ انہوں نے عوام کو پیغام دیا کہ جب کوئی گھر سے نکلتا ہے تو اس کے اہل خانہ اس کی محفوظ واپسی کے منتظر ہوتے ہیں، اور یہی Arrive Alive مہم کا بنیادی مقصد ہے۔ اس موقع پر 50 افراد کی جان بچانے والے ونکایالا روی کو ڈی جی پی کے ہاتھوں تہنیت پیش کی گئی ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کاماریڈی آشیش سنگوان اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر راجیش چندرا نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کے ذریعہ حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ پولیس محکمہ کی جانب سے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے مختلف پروگرامس منعقد کیے گئے۔ اس کے علاوہ تقریباً 300 افراد میں ہیلمٹس تقسیم کیے گئے جبکہ 161 ٹرک و لاری ڈرائیوروں کی آنکھوں کا مفت معائنہ کر کے اُنہیں عینکیں فراہم کی گئی۔جبکہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداران، پولیس افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے اس پروگرام میں ائی جی چندرا شیکھر ریڈی ایڈیشنل ایس پی نرسمہا ریڈی اے ایس پی چیتنیا ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیدار نے بھی شرکت کی۔