معمولی لاپرواہی پر بھی ووٹ کے حق سے محرومی کا خطرہ

   

ایس آئی آر کیلئے تمام دستاویزات قبل از وقت تیار رکھنے کی اپیل ، طاہر بن حمدان صدرنشین اُردو اکیڈیمی کی سیاست نیوز سے بات چیت
نرمل ۔ 20 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایس آئی آر کے معاملے میں قطعی لاپرواہی نہ کی جائے کیونکہ ملک میں انتخابی فہرستوں پر خصوصی نظرثانی کو لاگو کرتے ہوئے لاکھوں اہل ووٹروں کے ووٹ کا آئینی حق چھین لیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدرنشین اُردو اکیڈیمی ریاست تلنگانہ طاہر بن حمدان نے نرمل کے مقامی دفتر سیاست میں روزنامہ سیاست کے اسٹاف رپورٹر سید جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ طاہر بن حمدان نے کہا کہ اگر ہم اب بھی اپنے ووٹ کی قوت و طاقت کو نہیں سمجھیں گے تو یقین جانئے کہ مستقبل میں بڑی آزمائش کا شکار ہوں گے۔ اس میں ہماری غفلت اور ہماری لاپرواہی ملک اور ہماری آنے والی نسلوں کیلئے ناقابل تلافی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ 25 جون سے ایس آئی آر کا عمل شروع ہونے جارہا ہے۔ بوتھ لیول آفیسرس گھر گھر پہنچ کر تمام تفصیلات کا اندراج کریں گے۔ ہر اہل ووٹر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے تمام دستاویزات کو قبل از وقت تیار کرکے رکھیں۔ ہماری ذرا سی لاپرواہی بھی ہمیں ووٹر لسٹ سے نام کو حذف کرواسکتی ہے۔ مقامی منتظمین بھی ہر علاقہ میں اس سلسلے میں رہنمائی کررہے ہیں۔ ان کی خدمات سے بھی استفادہ کریں۔ ہمارے ملک کا دستور اپنے شہریوں کو ووٹ دینے اور انتخاب لڑنے اور اپنے نمائندے کا انتخاب کرنے کا حق عطا کرتا ہے۔ درحقیقت انتخابات کے بغیر جمہوریت کا تصور نہیں کیا جاسکتا اور یہی جمہوریت کی طاقت ہے جو ملک کے ہر شہری کو اپنے حقوق کی آزادی دیتی ہے۔ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے ۔ یہاں جس کی عمر 18 ال سے زیادہ ہے، وہ اپنے ووٹ کا استعمال کرسکتا ہے اور انتخابات میں اپنی پسند کے امیدوار کو ووٹ دے سکتا ہے ۔ اسی کے ساتھ ہمیں اس بات کا بھی خاص خیال رکھنا چاہئے کہ ایس آئی آر میں اپنے ووٹوں کو منتشر ہونے یا حذف ہوجانے سے بچانے کیلئے اپے گھر کے ووٹوں کے ساتھ ساتھ اپنے پڑوسیوں کی بھی رہنمائی کرتے ہوئے بغیر کسی لاپرواہی کے میاپنگ کے میں ایک دوسرے کا تعاون کریں اور ناموں کا صحیح اندراج کروائیں۔ سرکاری عہدیداروں کے بوتھ لیول آفیسرس گھر آئیں تو انہیں تمام ضروری دستاویزات دیتے ہوئے اپنے نام کا اندراج کریں۔ اس سلسلے میں کانگریس پارٹی کے بوتھ لیول ایجنٹ کو بھی متحرک کیا گیا ہے جو اس سلسلے میں ہر وارڈ میں دستیاب ہوں گے۔واضح رہے کہ جمہوری ملک میں ووٹ کی بہت بڑی اہمیت ہے۔ ووٹرس ملک میں حکمرانی کا مقدر بدلنے کی طاقت رکھتا ہے اور اپنے ووٹ کے استعمال سے حکومت کی پالیسیوں پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ جمہوری معاشرے میں ووٹ ایک ایسا ہتھیار ہے جو بندوق کی گولی سے زیادہ طاقتور ہے۔ منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں ووٹ دیتے ہوئے ہمارے ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنائیں۔