میلبورن۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین سڈنی میں ہونے والے تیسرے ٹسٹ پرکورونا کے ممکنہ اثر کے پیش نظر میلبورن کو متبادل مقام کے طور پر رکھا گیا ہے ۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین 26 دسمبر سے میلبورن میں دوسرا ٹسٹ میچ ہونا ہے جس کے بعد سات جنوری سے سڈنی میں تیسرا ٹسٹ کھیلا جانا ہے لیکن سڈنی میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر اس کے انعقاد پر خطرے کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وہ اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق میچ کروانے کے لئے پابند عہد ہیں لیکن صحت صورتحال کو دیکھتے ہوئے وہ وکٹوریہ حکومت کے ساتھ میلبورن میں تیسرا میچ کروانے پرکام کررہے ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے عبوری چیف ایکزیکیٹیوافسر نک ہوکلی نے کہا کہ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ باکسنگ ڈے ٹسٹ کے دوران لیا جائے گا۔ سڈنی میں میچ کروایا جاسکتا ہے کہ نہیں اس پر بھی کرکٹ آسٹریلیا کوئنس لینڈ حکومت کے ساتھ گفت و شنید کررہی ہے ۔ہوکلی نے کہا ہم اپنا پروگرام برقرار رکھنا چاہتے ہیں اورکھلاڑیوں اور دیگر لوگوں کی حفاظت کے پیش نظرکام کررہے ہیں۔ اگر سڈنی میں حالات ٹھیک نہیں رہتے تو ہمارے پاس مذکورہ منصوبہ ہے اور ہم کوئنس لینڈ حکومت کے ساتھ بات کررہے ہیں۔