ملت فنڈ کی جانب سے ایک ہی دن میں15 لاوارث مسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد : /16 جنور ی (سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو پولیس اسٹیشن چارمینار کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ اس کے علاوہ 14 درخواستیں مختلف پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی غرض سے حاصل ہوئیں ۔ ان نعشوں کو حاصل کرکے سکندرآباد قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مولانا سید خواجہ معز الدین اشرفی خلیفہ حضرت علامہ مدنی میاں اشرفی نے پڑھائی ۔ نماز جنازہ میں محمد حمیدالدین سوشل ورکر جہاں نما کے علاوہ سید زبیر ہاشمی ، محمد اکبر ، محمد عنایت خاں ، محمد اکبر خان ، محمد عبدالرزاق ، شیخ نعیم ، محمد عبدل ذاکر موجود تھے ۔ اس موقع پر سید زاہد حسین شاہ قادری جو ادارہ سیاست کے لاوارث مسلم نعشوں کے تدفین کے انچارج ہیں عمرہ سے واپسی پر کہا کہ 2003 ء سے ایڈیٹر سیاست نے مسلم لاوارث نعشوں کی اسلامی طریقہ پر تدفین کرکے امت مسلمہ کو ایک بڑی پرسش سے محفوظ رکھا ۔ صرف نماز جنازہ نہ پڑھنے پر ہم سب گنہگار ہوجاتے ہیں اور جن نعشوں کو جلادیا ان سے متعلق پرسش نہ ہونے کا سوال ہی نہیں ۔ اس میں ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کا بڑا تعاون رہا ہے ۔ ایڈیٹر سیاست نے 2003 ء سے 2024ء تک 5600 سے زیادہ لاوارث مسلم نعشوں کی ملت فنڈ کے ذریعہ تدفین انجام دی ہے ۔ اللہ پاک ان کو صحت اور عمر دراز فرمائے ۔