ملت فنڈ کے ذریعہ مسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد۔ 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کو پولیس دبیرپورہ کا مراسلہ موصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی۔ اس کے علاوہ مزید 9 درخواستیں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی غرض سے موصول ہوئیں۔ ان مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے قبرستان کوکٹ پلی میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ سید عبدالماجد نائب صدر مسجد عرفات یاقوت پورہ کالونی ایس آر ٹی نے پڑھائی جبکہ سید شاہ انعام الحق قادری امام و خطیب مسجد افضل گنج نے دعا فرمائی۔ اس موقع پر نائب صدر مسجد عرفات سید عبدالماجد نے کہا بلاشبہ نماز جنازہ پڑھنا میت کو غسل دینا اور کفن مہیا کرنا یہ سب نیک کام ہیں، مگر ان میتوں کے بارے میں کیا کہا جائے جس کو جلا دیا جاتا تھا۔ پولیس کے ذریعہ حاصل کرنا اور اسلامی طریقہ پر تدفین کرنے کے اجر کا ہم کیا اندازہ لگاسکتے ہیں۔ قابل مبارکباد ہے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والے جن کے تعاون سے ادارہ سیاست جناب زاہد علی خان صاحب کی سرپرستی میں برسوں سے تدفین کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ محترمہ بشریٰ تبسم صاحبہ اور سید عبدالمنان نے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان صاحب نے شیخ عبدالعزیز صدر عیدگاہ کوکٹ پلی فیس IV و صدر قبرستان اور اہلیان محلہ کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔