ملک میں کورونا انفیکشن سے 11903اموات

,

   

ایک روز میں ریکارڈ 2003 مریضوں کی موت، مجموعی کیس زائد از 3.54 لاکھ

نئی دہلی، 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ 19) سے 2003افراد فوت ہوگئے ہیں، جس کے بعد اس وائرس کی وجہ سے مرنے والے افراد کی تعداد 11903ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران، انفیکشن کے 10974نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور 6922متاثرہ افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے چہارشنبہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے 10974 نئے کیسوں سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 354065 ہوگئی ہے ۔ کورونا وائرس سے اموات کی تعداد بھی بڑھ کر 11903 ہوگئی۔ ملک میں اس وقت کورونا کے 155227 فعال کیسز موجود ہیں اور صحت یاب افراد کی تعداد اب تک 186935 ہے۔ اس وبا سے ملک میں مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران، ریاست میں کورونا وائرس کے 2701 کیس سامنے آئے ہیں اور 1409 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 113445 ہوگئی ہے اور فوت ہونے والوں کی تعداد 5537 ہوگئی ہے ۔ اس دوران ریاست میں 1802 افراد بیماری سے صحت یاب ہوچکے ہیں، جس کے بعد صحت مند افراد کی تعداد 57851 ہوگئی ہے ۔وزارت نے کہا کہ صحت یابی کی شرح 52.8 فیصد ہوچکی ہے۔ ملک میں لگاتار چھٹے روز زائد از 10,000 نئے کورونا کیس درج ہوئے ہیں۔ مجموعی مصدقہ معاملوں میں بیرونی شہری بھی شامل ہیں۔ اس عالمی وباء سے متاثرہ اقوام میں ہندوستان چوتھے نمبر پر ہے۔ امریکہ پہلے ، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے مطابق ملک میں 16 جون تک جملہ 60,84,256 سیمپلس کا کورونا ٹسٹ کیا گیا جن میں سے منگل کو 1,63,187 مثبت کیس پائے گئے۔ وزارت نے کہا کہ 70 فیصد سے زیادہ کورونا اموات کئی دیگر بیماریوں سے بھی متاثر رہنے کے سبب ہوئیں۔