پارک کو نظرانداز کرنے کی تردید، مچھروں کی افزائش اور آوارہ کتوں کی بہتات پر اکبرالدین اویسی کے سوالات
حیدرآباد۔12۔ستمبر۔(سیاست نیوز) ملک پیٹ انفارمیشن ٹکنالوجی پارک کے لئے رکھے گئے سنگ بنیاد کے بعد اب دوبارہ تلنگانہ حکومت اس آئی ٹی پارک کے لئے نئے ٹنڈر طلب کرے گی۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر ڈی سریدھر بابونے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں مباحث کے دوران پرانے شہر کو نظرانداز کئے جانے کے الزامات کی نفی کرتے ہوئے کہا حکومت شہر کے ہر حصہ کی ترقی کے اقدامات کررہی ہے اور جلد ہی ملک پیٹ آئی ٹی پارک کے لئے ٹنڈر طلب کئے جائیں گے۔ قائد ایوان مقننہ مجلس پارٹی جناب اکبر الدین اویسی نے پرانے شہر کے مسائل پر ایوان اسمبلی میں آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ پرانے شہر کی ترقی میں رکاوٹ کا ان پر الزام عائد ہونے لگا ہے اور عوام یہ کہہ رہے ہیں پرانے شہر کی ترقی میں مجلسی اراکین اسمبلی رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔ انہو ںنے چارمینار پیدل راہروو پراجکٹ کی عدم تکمیل پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے دور حکومت میں شروع ہوئے اس پراجکٹ کو اب تک مکمل نہیں کیا جاسکا۔انہوں نے بتایا کہ برسہا برس سے وہ اس پراجکٹ پر توجہ مبذول کروا رہے ہیں اس کے باوجود اس پراجکٹ میں کسی بھی طرح کی پیشرفت نہیں ہورہی ہے۔ جناب اکبر الدین اویسی نے شہر میں آوارہ کتوں کی کثرت کے علاوہ مچھروں کی بہتات کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے مچھروں کی افزائش کو روکنے کے اقدامات کے علاوہ آوارہ کتوں سے سڑکوں کو پاک بنانے کی کاروائی کا بھی مطالبہ کیا۔ قائد ایوان مقننہ نے مباحث کے دوران ایک ہی کمپنی کو زیر زمین برقی کیبل لائن بچھانے کے کام دیئے جانے پر بھی شدید اعتراض کیا اور کہا کہ چھوٹے کنٹراکٹرس کو بھی جینے کا حق ہے حکومت کو اس پر بھی توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ انہو ںنے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے جنوبی حصہ یعنی پرانے شہر کے علاقوں کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پرانے شہر کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہاہے۔جناب احمد بلعلہ رکن اسمبلی ملک پیٹ نے اسمبلی میں مباحث کے دوران حصہ لیتے ہوئے حکومت سے خواہش کی کہ مہینہ میں ایک دن نیا پل تا لاڈ بازار ’’نائٹ بازار‘‘ کا آغاز کیا جائے تاکہ اس علاقہ کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے اورشہر کے دیگر علاقوں سے ’نائٹ بازار‘ کے لئے لوگ پہنچیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پرانے شہر کے کئی کام جو زیر التواء ہیں ان کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں کیونکہ مسلسل پارکنگ کامپلکس و دیگر زیر التواء کاموں پر توجہ دہانی کروائی جا رہی ہے۔H/M/3