یوتھ کانگریس کی یوم تاسیس تقریب سے طاہر بن حمدان اور دیگر قائدین کا خطاب
نظام آباد: 9؍ اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوئٹ انڈیا ڈے اور یوتھ کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر کانگریس پارٹی آفیس پر ضلع کانگریس پارٹی کے انچارج صدر شرت کمار اور سٹی کانگریس پارٹی صدر ببلی رام کرشنا کی زیرنگرانی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر شرت کمار نے پارٹی پرچم لہرایا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ریاستی اردو اکیڈمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طاہربن حمدان نے کہا کہ ملک کی ترقی میں یوتھ کانگریس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے آزادی کی جدوجہد کے دوران نوجوانوں کی قربانیوں اور مہاتما گاندھی کے ساتھ ستیہ گرہ میں نوجوانوں کی شرکت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں نوجوان کانگریس قائدین کو ملک میں پیش آنے والے حالات سے عوام کو واقف کروانے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے ریاستی کانگریس صدر مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں کانگریس پارٹی کے پروگراموں میں بہتر کردار ادا کرنے اور ملک کی آزادی کے لیے جانوں کی قربانی دینے والے مجاہدین آزادی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی خدمت کرنے کی اپیل کی۔ طاہر بن حمدان نے یوتھ کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر ضلع یوتھ کانگریس کی نومنتخب یا موجودہ عاملہ کے ارکان اور قائدین کو مبارکباد پیش کی۔ سٹی کانگریس صدر بوبیلی رام کرشنا نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی اور ترقی میں یوتھ کانگریس کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور اس موقع پر یوتھ کانگریس قائدین کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں ریاستی جنرل سکریٹری رام بھوپال، ضلع لائبریری ادارہ کے چیئرمین راجا ریڈی، یوتھ کانگریس صدر وپل گوڑ، یادگیری، پروین گوڑ، راجندر پرساد، سدھاکر، ایم اے قدوس، وحید، پرمود، معین یونس، سنتوش، بلرام، پولا اوشا، روی، گنگا ریڈی، رگھوویر، انوپال کے علاوہ کانگریس قائدین، یوتھ کانگریس قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی۔