ملک کی حفاظت کیلئے فوج میں بھرتی کا مشورہ

   

عادل آباد میں میجر کے کے داس ڈائریکٹر آرمی ریکروٹنگ آفیسر کی میڈیا سے بات چیت
عادل آباد۔ 2؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ملک کی حفاظت کی خاطر عادل آباد کے نوجوانوں کو ’’اگنی ویر‘‘ کے تحت فوج میں بھرتی ہونے کا مشورہ عادل آباد ضلع کلکٹر راہول راج نے مستقر عادل آباد کے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں میڈیا سے مخاطب ہوکر دیا جب کہ اس موقع پر کرنل کے کے داس ڈائریکٹر آرمی ریکروٹنگ آفیسر سکندرآباد نے میڈیا سے مخاطب ہوکر کہا کہ تلنگانہ ریاست کے اضلاع جن میں حیدرآباد، کریم نگر ورنگل، کھمم اور عادل آباد میں اگنی ویر کے تحت فوج میں بھرتی کا سلسلہ جاری ہے۔ آن لائن درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 15 مارچ مقرر کی گئی ہے۔ فوج میں بھرتی کے جدید طریقہ کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ درخواست آن لائن داخل کرنے کے بعد ریٹرن ٹسٹ، میڈیکل ٹسٹ اور فزیکل ٹسٹ ہوگا۔ عادل آباد کے نوجوانوں کی سہولت کی خاطر اگنی ویر میں بھرتی ہونے والے نوجوانوں کا مرکز کریم نگر رکھا گیا ہے۔ علاوہ ازیں دسویں جماعت پاس دو سالہ کورس ITI پالی ٹیکنک والوں کو رعایتی 20 نشانات، دسویں پاس 2/3 سال ڈپلوما کرنے والوں کو 30 رعایتی نشانات، بارہویں پاس ایک سال ITI کورس کرنے والے کو 30 رعایتی نشانات، بارہویں پاس دو سال ITI کرنے والے کو 40 رعایتی نشانات، بارہویں پاس ڈپلوما ہولڈر کو 50 رعایتی نشانات دیئے جارہے ہیں۔ قبل ازیں سوریاپیٹ میں اگنی ویر کے تحت نوجوانوں کی بھرتی کی گئی تھی جس میں ضلع عادل آباد کو نمایاں اہمیت حاصل رہی۔ ضلع عادل آباد کے تقریباً 40 فیصد نوجوانوں نے فوج میں بھرتی ہونے کو ترقی دی تھی۔ مزید تفصیلات فراہم کرنے کے لئے فون نمبر 7996157222 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر وی وی نائیڈو لاسین آفیسر، صوبیدار میجر شیواجی لال بھی موجود تھے۔