ملک کے انتہائی آلودہ ٹاپ 10 شہروں میں گروگرام سرفہرست

   

فریدآباد، دہلی اور نوئیڈا بھی شامل، فضائی آلودگی پر قابو پانا وقت کی اہم ضرورت
حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) ملک میں فضائی آلودگی میں اضافہ پر قابو پانا مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے لئے اہم چیالنج بن چکا ہے۔ دارالحکومت نئی دہلی میں وقفہ وقفہ سے فضائی آلودگی میں اضافہ کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور حکومت کی جانب سے ہنگامی حالات کا بھی اعلان کیا جاتا رہا ہے۔ آلودگی میں اضافہ کی یوں تو کئی وجوہات ہیں لیکن زیادہ تر ایسے علاقے جہاں اطراف میں صنعتی ادارے موجود ہیں اور ہیوی وہیکلس سے نکلنے والا دھواں بھی آلودگی کی اہم وجہ بن چکا ہے۔ جاریہ سال آلودگی سے متاثرہ شہروں سے متعلق سروے کیا گیا جس میں گروگرام شہر ٹاپ پر رہا جہاں آلودگی کی سطح 116 درج کی گئی۔ غازی آباد تا لونی شہر 112.5 آلودگی کے ساتھ دوسرے اور بہادر گڑھ 110 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ دہلی اور نوئیڈا جیسے شہروں میں مخصوص وقفہ کے دوران آلودگی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ درج کیا جاتا ہے۔ آلودہ شہروں میں فریدآباد، سنگرولی، دہلی، منڈی دیپ، برنی ہاٹ، بھیواڈی اور نوئیڈا شامل ہیں۔ مرکزی اور ریاستی سطح پر آلودگی پر قابو پانے کے لئے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی جارہی ہے بلکہ خریدی اور رجسٹریشن کے سلسلہ میں کئی رعایتوں کا اعلان کیا گیا۔ آلودگی کے نتیجہ میں عوام تنفس سے متعلق عوارض کا شکار ہیں۔V/1 m/b/