ملک کے پہلے وزیر اعظم سبھاش چندر بوس تھے ‘ نہرو نہیں

   

بی جے پی کی لوک سبھا امیدوار کنگنا رناوت کا نیا شوشہ ۔ سوشیل میڈیا پر شدید تنقیدیں
نئی دہلی : بے تکی بیان بازیوں کیلئے جانی جانے والی بالی ووڈ کی اداکارہ و بی جے پی کی لوک سبھا امیدوار کنگنا رناوت نے آج پھر ایک بیان دیتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا ہے ۔ کنگنا رناوت کو بی جے پی نے ہماچل پردیش میں منڈی لوک سبھا حلقہ سے اپنی امیدوار بنایا ہے ۔ اس نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران دعوی کیا کہ سبھاش چندر بوس ملک کے پہلے وزیر اعظم تھے جواہر لال نہرو نہیں۔ اس انٹرویو کا ایک کلب سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جس میں کنگنا یہ کہتی نظر آ رہی ہے کہ ’’ پہلے میں یہ واضح کردوں کہ جب ہمیں آزادی حاصل ہوئی پہلے وزیر اعظم ہند سبھاش چندر بوس کہاں چلے گئے ؟ ۔ ٹی وی اینکر کی جانب سے بارہا انہیںدرست کرنے کی کوشش کے باوجود کنگنا نے کہا کہ نہیں۔ پہلے آج یہ بات واضح کی جائے کہ وہ ( سبھاش چندر بوس ) کہاں گئے ؟ ۔ کنگنا کے اس ریمارک پر سوشیل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقیدیں کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ کنگنا نے کچھ عرصہ قبل یہ دعوی کیا تھا کہ ہندوستان کو آزادی 1947 میں نہیں ملی تھی بلکہ 2014 میں ( جب نریندر مودی وزیر بنے ) ملک آزاد ہوا تھا ۔ جہاں کئی گوشوں سے کنگنا پر تنقید کی جا رہی ہے وہیں ایک صارف نے بھی کہا کہ یہ درست ہے کہ سبھاش چندر بوس غیر منقسم ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم تھے ۔ وہیں ایک شخص نے سوال کیا کہ اس ( کنگنا ) نے کس یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے ؟ ۔ کسی اور نے تحریر کیا کہ وہ خدا سے دعا کرتے ہیں کہ منڈی لوک سبھا حلقہ ( ہماچل پردیش ) کے عوام اپنے ووٹ کا درست استعمال کریں۔ سبھاش چندر بوس 18 اگسٹ 1945 کو ہی فوت ہوگئے تھے جبکہ ابھی ہندوستان کی آزادی نہیں ملی تھی ۔ ہندوستان 15 اگسٹ 1947 کو آزاد ہوا تھا ۔ جواہر لال نہرو 1951 میں ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم بنے اور وہ 1964 تک برقرار رہے ۔