ممتا بنرجی میں ملک کی قیادت کی پوری صلاحیت

,

   

انتخابات سے قبل لیڈر کا انتخاب ضروری نہیں۔ ملک کے عوام مودی حکومت سے بیزار: کمارا سوامی

کولکاتا 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی نے کہا ہے کہ ملک کے عوام نریندر مودی کے نظم و نسق سے بالکلیہ مایوس ہیں اور اُنھوں نے اپنی مغربی بنگال کی ہم منصب ممتا بنرجی کی تعریف و ستائش کرتے ہوئے کہاکہ وہ اچھی اڈمنسٹریٹر ہیں اور ملک کی قیادت کرنے کی تمام تر قابلیت رکھتی ہیں۔ تاہم، جنتادل (سیکولر) لیڈر نے دوہرایا کہ فی الحال قیادت اصل مسئلہ نہیں ہے اور اپوزیشن کو اِس بات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ چناؤ جیتنے کے لئے کیا طریقے اختیار کئے جانے چاہئے۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو انٹرویو میں کرناٹک کے چیف منسٹر نے کہاکہ جہاں تک میری رائے ہے قیادت کے بارے میں فیصلہ کرنا چناؤ جیتنے کے لئے کوئی کسوٹی نہیں ہے۔ اِس ملک کے عوام موجودہ مرکزی نظم و نسق سے مایوس ہوچکے ہیں۔ کئی ریاستوں کے اپنے مسائل ہیں۔ یہ ضروری نہیں کہ انتخابات سے قبل لیڈر کا انتخاب کرلیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ کئی ممتاز قائدین ہیں جو اِس ملک کی ترقی کے لئے بڑا کام کرسکتے ہیں۔ وہ ایسے شعبوں میں پیشرفت کرسکتے ہیں کہ جہاں سابقہ حکومتیں ناکام ہوگئیں لیکن ہم انتخابات ختم ہوجانے کے بعد مل بیٹھ کر ہمارے لیڈر کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ کمارا سوامی جو ترنمول کانگریس کے زیراہتمام یہاں ہفتے کو منعقدہ یونائیٹیڈ انڈیا ریالی میں شریک میگا اپوزیشن کا حصہ رہے، اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ ممتا بنرجی میں ملک چلانے کی صلاحیت ہے۔ وہ نہایت سادہ شخصیت ہیں اور بہت اچھی اڈمنسٹریٹر۔ میرا ماننا ہے کہ ممتا جی میں اِس ملک کی قیادت کرنے کی پوری قابلیت ہے اور اُنھوں نے پہلے ہی کئی برسوں سے مغربی بنگال کی قیادت کرتے ہوئے خود کو ثابت کردیا ہے۔ ملک کی صورتحال کا 1977 ء سے تقابل کرتے ہوئے جب وزیراعظم اندرا گاندھی کو مختلف گوشوں سے بغاوت کا سامنا ہوا کمارا سوامی نے کہاکہ موجودہ حالات اُس دور سے کافی مشابہ ہیں۔ حتیٰ کہ سیاستدان مل بیٹھ کر اپنے لیڈر کو منتخب کرتے ہیں اور اِس مرتبہ بھی میرے خیال میں ہمیں ایسا کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔ جے ڈی ایس لیڈر نے ادعا کیاکہ مہا گٹھ بندن نیشنل پارٹی کے لئے متبادل رہے گا۔ کئی ریاستوں میں مختلف نوعیت کے مسائل ہیں، ہر جگہ علاقائی قائدین ہیں جو ایسے ہی طاقتور ہیں جیسے قومی پارٹی کے ارکان۔ اور یہ علاقائی پارٹیاں آنے والے انتخابات میں کلیدی رول ادا کرنا چاہتی ہیں۔ اس مرتبہ عوام کا اُنھیں آشیرواد ملے گا۔ ممتا بنرجی کی اپیل پر منعقدہ میگا ریالی میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی غیر حاضری کے تعلق سے بات کرتے ہوئے کمارا سوامی نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں انتخابات کے بعد ہر کوئی شامل ہوگا۔ سب لوگ جمع ہوں گے۔ میں کافی پُرامید ہوں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کے سی آر گزشتہ ماہ کولکاتا آئے تھے تاکہ عظیم اتحاد کے بارے میں ممتا بنرجی سے تبادلہ خیال کیا جائے۔ تاہم اُنھوں نے بیان دیا تھا کہ غیر بی جے پی اور غیر کانگریس اتحاد کے لئے اُن کی کوششیں جاری رہیں گی۔